موجودہ حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور ہر شعبہ زندگی میں ان کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں ، حمیدہ وحید الدین

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:27

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور ہر شعبہ زندگی میں ان کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں صوبہ بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کے لئے 20 کروڑ روپے کے فنڈز سے 100 سے زائد ڈے کیئر سنٹرز قائم ہیں جبکہ مختلف اضلاع میں 16 ورکنگ وومن ہاسٹلز بھی تعمیر ہوچکے ہیں جس کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات انٹیٖپنڈنٹ یونیورسٹی ہسپتال مرضی پورہ اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی مدینہ ٹائون میں ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے قائم کردہ ڈے کیئر سنٹرز کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام‘وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی‘ ڈائریکٹر وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ارشد بیگ‘چیئرپرسن انٹیپنڈنٹ یونیورسٹی ڈاکٹر شجاع طاہر‘ ڈاکٹر مہناز روحی‘پرنسپل محمد یوسف شاہ‘ڈاکٹر شہباز‘ دیگر ڈاکٹرز‘ فیکلٹی ممبرز اور ورکنگ وومز بھی موجود تھیں۔

صوبائی وزیر نے یونیورسٹیز میں قائم ڈے کیئر سنٹرز کا معائنہ کیا اور ملازمت پییشہ خواتین کے بچوں کے لئے دستیاب سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے ڈے کیئر سنٹرز میں بچوں کے سونے‘کھانے پینے ‘کھیلنے اور تعلیم حاصل کرنے کے لئے قائم الگ الگ حصوں اور صفائی کے اعلی معیار کو سراہا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈے کیئر سنٹرز میں ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کی نگہداشت سمیت ان کے لئے پلے رومز ودیگر سہولیات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے سرکاری اور نجی اداروں میں ڈے کیئر سنٹرز بنانے کی ہدایت کی ہے اس سلسلے میں متعدد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن پر قواعد وضوابط کے تحت اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وومن ڈویلمپنٹ ڈیپارٹمنٹ خواتین کو معاشرے میں معاشی طور پر مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی فلاح وبہبود وترقی کے لئے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے خواتین کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے عملی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ملازمت میں خواتین کے لئے پندرہ فیصد کوٹہ جبکہ یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت پچاس فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ خواتین کے مسائل حل کرنے کے لئے ٹال فری ہیلپ لائن نمبر بھی کام کر رہا ہے جس پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وومن پروٹیکشن ایکٹ کا نفاذ موجودہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے جس کی بدولت خواتین کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے اور ہراسمنٹ کرنے والوں کو سزائیں بھی دی گئی ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر وترقی کے لئے خواتین کا کردار یکساں اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی طرف سے دیگر اقدامات کے علاوہ ورکنگ وومن کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈے کیئر سنٹرز بھی قائم کئے جا رہے ہیں ۔

اس موقع پر پرنسپل انٹیپنڈنٹ یونیورسٹی ہسپتال محمد یوسف شاہ اور ڈاکٹر مہناز روحی نے ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کرنے پر صوبائی وزیر کاشکریہ ادا کیا اور سنٹر میں نوازئیدہ بچوں کے لئے دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا ۔وائس چانسلر جی سی وومن یونیورسٹی ڈاکٹر نورین عزیز قریشی نے ڈے کیئر سنٹر کی توسیع کے لئے فنڈز کی فراہمی پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ڈے کیئر سنٹر کو مزید وسعت دینے کے لئے اقدامات جاری ہیں ۔وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو تعلیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یونیورسٹی میں 10 ہزار طالبات زیر تعلیم ہیں اور یونیورسٹی میں طالبات کو چائنیز زبان کے کورس بھی سکھائے جا رہے ہیں ۔بعد ازاں صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے چیمبر آف کامرس میں ڈومیسٹک ورکرز ٹریننگ پروگرام کے تحت مختلف فنون میں تربیت مکمل کرنے والی خواتین میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے ۔

ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے احمد حسن‘ایریا مینجر محمد رفیق بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈومیسٹک ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دی اور کہا کہ پہلے مرحلے میں صوبہ بھر کی10 ہزار خواتین کو نہ صرف تربیت بلکہ روزگار بھی فراہم کیا جا رہا ہے کیونکہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہی تربیتی پروگرام کا اصل مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا دائرہ مزید ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس تک بڑھایا جائے گا ۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ صوبہ کے تین اضلاع لاہور‘ملتان اور فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹریننگ پروگرام کے تحت اب تک690 خواتین تربیت مکمل اور420 زیر تربیت ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں رواں سال شروع ہونے والے پروگرام میں170 خواتین کو ٹریننگ دی جا چکی ہے اور اس وقت120 خواتین کی کلاسز جاری ہیں۔