قوموں کی ترقی کے لیے ٹیکس کی ادائیگی نا گزیر ہے، دنیا بھر میں اسے ایک قومی فریضہ کے طور پر انجام دیا جاتا ہے، صوبائی وزیر خزانہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:27

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی کے لیے ٹیکس کی ادائیگی نا گزیر ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں اسے ایک قومی فریضہ کے طور پر انجام دیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ٹیکس کی اہمیت سے عدم آگاہی اور ایجنسیوں پر عدم اعتماد کی فضاء نے کبھی بھی ٹیکس کلچر کا عام نہیں ہونے دیا۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کی گزشتہ پانچ سال کی کاوشوں کے نتیجہ میں آج ہم اس قابل ہیں ہو چکے ہیں کے ریسٹورنٹس اور بیوٹی پارلرز جیسے شعبے بھی عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے رضاکارانہ طورپر ٹیکس دینے کے لیے تیار ہیں اور دوسروں کے لیے ترغیب کا باعث بن رہے ہیں۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کی اس کامیابی میں بڑا ہاتھ حکومت پنجاب کا بھی ہے جو محصولات کی مد میں وصول ہونے والے پیسے کی ایک ایک پائی عوامی منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے اور صوبے میں صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ ، انفراسٹریکچر اور تحفظِ عامہ کی بہتر سہولیات کو ممکن بنا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ایسے میں سیلز ٹیکس رئیل ٹائم انوائس ویری فیکیشن سسٹم (STRIVE)ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں مزید اضافہ کرے گا۔فریقین کی جانب سے خرد برد کے امکانات میں کمی ہو گی اور محصولات میں اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے ایک مقامی ہوٹل میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام سیلز ٹیکس انوائس کی بروقت پڑتال کے کمپیوٹرائز نظام "سٹرائیو--"کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب سماجی و معاشی اعتبار سے ایک ایسے متوازن معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے جہاں محروم اور مستحق طبقہ کو بھی ایسی ہی معیاری ضروریات زندگی میسر ہوں جن سے اشرافیہ لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اُنھوں نے کہا کہ سہولیات کی نچلے طبقے تک ترسیل حکومت پنجاب کی ترقیاتی منصوبہ بندی کا لازمی جزو ہے جس کے حصول کے حکومت اپنے تمامتر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو سٹرائیو سمیت پچھلے پانچ سالوں میں ٹیکس سسٹم میں اصلاحات اور کلچر میں تبدیلیوں کے حوالے سے اُٹھائے گئے اقدامات کی بھر پور کامیابی پر مبارکباد دی۔ اُنھوںنے کاروباری خواتین و حضرات کو یہ نوید بھی سُنائی کے پی آر اے کے آئندہ پروجیکٹ کے نتیجہ میں وہ اپنے گھروں اور دفاتر میں بیٹھ کر انٹرنیٹ کے ذریعے ٹیکس ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔

ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے تقریب کے شرکاء کو سٹرایئو کے خدوخال اور طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیلز ٹیکس رئیل ٹائم انوائس ویری فیکیشن سسٹم کے آغاز کا مقصد ٹیکس دہندگان کے لیے آسانی پیدا کرنا اور وصولیوں کے نظام کو مزید شفاف بنانا ہے ۔ ایف بی آر کے سینیئر پروجیکٹ منیجر افتخار علی نے سیلز ٹیکس رئیل ٹائم انوائس سسٹم پر تفصیلی لیکچر دیا اور شرکاء کو اس کی افادیت سے آگاہ کیا۔

افتخار علی نے بتایا کے سٹرائیو ایف بی آر میں پہلے سے زیر استعمال ہے تاہم صوبائی سطح پر پنجاب پہلا صوبہ ہے جوٹیکس سسٹم میں بہتری کے لیے اس سافٹ وئیر کا استعمال کرے گا۔ آخر میں ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ڈویلپمنٹ پارٹنرز پرال، آئی کیپ، لاہور چیمبر آف کامرس اور پاکستان اور پنجاب ٹیکس بار کے نمائندگان کی موجودگی میں بٹن دبا کر سافٹ وئیر کا افتتاح کیا اور میڈیا سمیت سسٹم کو کامیاب بنانے والے تمام سٹیک ہولڈز کا شکریہ ادا کیا۔ ٹیکس بارز ، پرال اور چیمبرآف کامرس کی جانب سے صوبائی وزیر کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی اور پی آر اے کی کوششوں کو سراہا گیا۔

متعلقہ عنوان :