اے ایف آئی جی پی کا تنظیمی ارکان کے ساتھ بالمشافانہ ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار

تمام تنظیمی ارکان کو ایسوسی ایشن کی بہتر ی اور اسے آگے لے جانے کیلئے ای میل کے ذریعے سفارشات بھیجنے کا مشورہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:25

اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء)سابق انسپکٹر زجنرل آف پولیس کی ایسوسی ایشن ( اے ایف آئی جی پی) کے صدر نے تنظیمی ارکان کے ساتھ بالمشافانہ ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھنے کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے تمام تنظیمی ارکان کو ایسوسی ایشن کی بہتر ی اور اسے آگے لے جانے کیلئے ای میل کے ذریعے سفارشات بھیجنے کا مشورہ دیدیا ۔

جمعہ کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ان کے تدریسی عملہ کے ہمراہ اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں مدعو کیا تھا۔ان اسسٹنٹ سپرنٹیڈنٹ پولیس کا تعلق 43ویں کامن بیچ سے ہے ۔ ان پولیس افسران کو مدعو کرنے کا بنیادی مقصد آئی جی صاحبان کے ماضی کے تجربات بیان کرنا اور موجودہ حالات کے تناظر میں بتانا تھا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نوجواں پولیس افسران کے ساتھ مل بیٹھنے کا ایک اورمقصد نوجوان افسران کو ایسوسی ایشن آف فار مر انسپکٹر ز جنرل آف پولیس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگاہ کرنا تھا ۔

اس موقع پر جن سابق انسپکٹرز جنرل آف پولیس نے خطاب کیا ان میں اے ایف آئی جی پی کے صدر افتخار رشید ، ڈاکٹر شعیب سڈل ، کمال الدین ٹیپو او رکمال شاہ شامل تھے ۔ ان سابق انسپکٹرز جنرل آف پولیس کے ساتھ قابل قدر اور مفید ترین تبادلہ خیال پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سینئر اے ایس پی نے 37زیر تربیت افسران کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور بالمشافانہ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھنے کی خواہش کا اظہارکیا ۔ تقریب کے آخر میں ایسوسی ایشن کے صدر نے انہیں اس ضمن میں ای میل کے ذریعے سفارشات بھیجنے کا مشورہ دیا اور ایسوسی ایشن سے رابطہ میں رہنے کی ہدایت کی ۔ اس تقریب کی تمام کارروائی صاحب نشست کی طرف سے شکریہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔