فیصل آباد، عطائی ڈاکٹرز اور ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے 10کیسزڈرگ کورٹ بھجوادیئے گئے

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:25

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے بغیر ڈرگ لائسنس میڈیکل سٹورز چلانے ‘عطائی ڈاکٹرز اور ڈرگ ایکٹ کی دیگر خلاف ورزیوں کی10 کیسزڈرگ کورٹ بھجوانے جبکہ کارروائیوں سے متعلق ڈرگ انسکپڑز ومیڈیکل سٹورز مالکان کا موقف سنتے ہوئے قصور ثابت ہونے پر2 ۔افراد کے خلاف مقدمات درج‘8 کو وارننگ اور 20 کیسز کو آئندہ سماعت کے لئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس‘سیکرٹری بورڈ عارف شہزاد‘ ممبر کیپٹن ڈاکٹر محمد صدیق‘ ڈرگ انسپکٹرز‘ ڈپٹی پراسیکیوٹر سجیلہ نذیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے مجموعی طور پر 40 کیسز پر میڈیکل سٹورز وکلینکس مالکان کے موقف کی سماعت کی۔

انہوں نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب افرادکے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں تاکہ ان کوالیفائیڈ افراد کو میڈیکل سٹورز وکلینکس چلانے کی جرات نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف اپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے اور ڈرگ کورٹ میں مقدمات کی موثر انداز میں پیروی کریں تاکہ قصور وار سزا سے نہ بچ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کوئی میڈیکل سٹور ڈرگ انسپکٹرز کی نظروں سے اوجھل نہیں ہونا چاہیے اور بغیر ڈرگ لائسنس میڈیکل سٹور چلنے کا مطلب ڈرگ انسپکٹرز کی کوتاہی اور غفلت ظاہر کرے گا ۔