ڈپٹی کمشنرفیصل آباد کا کوہ نور چوک کے قریب گرین بیلٹ کی بحالی کا کام تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:25

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے متعلقہ محکموں کو جڑانوالہ روڑ پر کوہ نور چوک کے قریب گرین بیلٹ کی تزئین وآرائش وبحالی کا کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے ایک اجلاس کے دوران گرین بیلٹ کی تزئین وبحالی کے امور کا جائزہ لیا جس میں وائس چیئرمین /پی ایچ اے ایم پی اے حاجی خالد سعید بھی موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی احمر سہیل کیفی اور پی ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرین بیلٹ کو جاذب نظر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور اسے جلد مکمل کرنے کے سلسلے میں روزانہ کا ٹارگٹ مقرر کرکے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے پی ایچ اے‘واسا‘فیسکو اور دیگر محکموں سے کہا کہ وہ اپنے ذمہ ٹاسک کو تیز رفتاری سے نپٹائیں تاکہ شہر کی مصروف ترین شاہراہ جڑانوالہ روڑ پر طویل گرین بیلٹ کی تیاری مقررہ مدت میں مکمل کی جا سکے۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین پی ایچ اے ایم پی اے حاجی خالد سعید نے کہا کہ شہریوں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے اس مقصد کے لئے گرین بیلٹس کی تزئین وبحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور جڑانوالہ روڑ پر 1600 فٹ طویل اور 80 فٹ چوڑائی کی حامل گرین بیلٹ کی تزئین وآرائش کی جارہی ہے۔