پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں صحت کی بہتر سہولیات بہم پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنرجھنگ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:22

جھنگ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ ضلع کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں صحت کی بہتر سہولیات بہم پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دیہی علاقوں کی عوام کی دہلیز پرصحت کی سہولیات فراہم کرنے سے ڈی ایچ کیو اور شہری سرکاری ہسپتالوں پر اضافی بوجھ میں بھی کمی واقع ہوگی۔یہ بات انہوںنے دیہی مرکز صحت موچی والا میں دورہ کے دوران طبی سہولیات اورانتظامی امورکا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد سلیم اور دیگر انتظامی افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنرنے مرکز صحت میں مریضوں کے طبی معائنے،ادویات کے اجراء اوردیگر تشخیصی عمل کاجائزہ لیا اور وارڈمیںداخل مریضوںسے ڈاکٹرز نرسز اوردیگر عملہ کے ان کے ساتھ عمومی رویہ اور ادویات کی فراہمی کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دیہی و بنیاد ی مراکز صحت میں طبی وسائل کے بہترین استعمال اورعلاج معالجہ کی سہولتوں کو عام مریضوں تک پہنچانے کیلئے بہترین حکمت عملی وضح کی جا رہی ہے۔

انہوںنے آئوٹ ڈور مریضوں سے متعلق امور پر بات کی اوراس سلسلہ میں ان کے نقطہ ہائے نظر سے آگاہی حاصل کرنے کے علاوہ مرکز صحت میں درپیش مسائل کو جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ مرکز صحت میں اعلیٰ نظم ونسق کو برقرار رکھنے کے لئے کوششوں میں کمی نہ آنے پائے کیونکہ جدید،بہتر اور مستعد علاج کے لئے عوام کی سرکاری ہسپتالوں سے توقعات وابستہ ہیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ کابھی دورہ کیا جہاں انہوںنے طبی سہولیات اورانتظامی امور اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب احمد بٹر نے ترقیاتی امور کی پیش رفت اور ہسپتال کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔