ورلڈ بینک کے نمائدہ وفد کی خیبر پختونخوا میں ترقیاتی پروگراموں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی یقین دہانی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ورلڈ بینک کے نمائدہ وفد نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی پروگراموں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے،یہ یقین دہانی ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ خیبر پختونخوا شہزاد خان بنگش سے عالمی بینک کی قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر مس ملینڈاگڈ نے جمعہ کی شام پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کرائی جبکہ عالمی بینک پہلے ہی خیبر پختونخوا میں کئی عدد پروگراموں کیلئے تعاون کر رہا ہے جن میں گورننس اینڈ پالیسی پراجیکٹ ، خیبر پختونخوا میں اقتصادی فعالیت اور بحالی ، جنوبی علاقہ جات کے ترقیاتی پراجیکٹ (SAP) اور نیشنل امیونائزیشن پراجیکٹ شامل ہیں جبکہ انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) سے قرضے کے حصول کیلئے کوششوں میں بھی عالمی بینک معاونت فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انکشاف کیا گیا کہ سیاحت ، زراعت ، توانائی اور مائیکرو فنانس کے شعبوں میں بھی عالمی بینک کی جانب سے خیبر پختونخوا کو سپورٹ حاصل ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 22ملین امریکی ڈالرز کی لاگت سے عالمی بینک جنوبی علاقہ جات کی ترقی کے پراجیکٹ کیلئے بھی تعاون فراہم کر رہا ہے جس کا مقصد ڈی آئی خان ، لکی مروت اور ٹانک کے منتخب اضلاع میں سماجی اور پیداواری ڈھانچے کو مقامی شراکت کے استعمال کے ذریعے ان پسماندہ علاقوں کے غریب لوگوں کے حالات روز گار کو بہتر بنا کر غریبوں کی استعداد کار میں اضافہ کرنا اور ان کا استحکام ہے جبکہ 10ملین امریکی ڈالرز لاگت کے گورننس اینڈ پالیسی پراجیکٹ سے سیلز ٹیکس کیلئے سروسز ٹیکس اکٹھا کرنے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی استعداد کو استحکام دیا جا رہا ہے اور خیبر پختونخوا میں پانی کے شعبے میں پبلک سروس ڈیلیوری کو جوابدہ بنانے کے ساتھ ساتھ پبلک انوسٹمنٹ مینجمنٹ کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے اس کے علاوہ 12ملین امریکی ڈالرز کی لاگت کے اقتصادی فعالیت، بحالی اور فروغ کے پروگرام کیلئے بھی تعاون کے ساتھ ساتھ عالمی بینک صوبے میں روزگار کے پائیدار مواقعوں ، نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافے اور منتخب اقتصادی شعبوں کی مستقبل میں ترقی کیلئے مضبوط بنیاد رکھنے کیلئے بھی سپورٹ اور معاونت فراہم کر ہا ہے جبکہ تقریباً 90ملین امریکی ڈالرز کی لاگت سے حفاظتی ٹیکہ جات کے قومی پراجیکٹ کیلئے ایم ٹی ایف گرانٹ اور انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) سے قرضوں کے حصول میں معاونت بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :