سید ناصر حسین شاہ کا افسران کو اپنے مقررہ اہداف ادارے کی بہتری کیلئے حاصل کرنے پر زور

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:16

سید ناصر حسین شاہ کا افسران کو اپنے مقررہ اہداف ادارے کی بہتری کیلئے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر محنت ،ٹرانسپورٹ واطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ افسران اپنے مقررہ اہداف ادارے کی بہتری کے لئے حاصل کریں تاکہ یہ ادارہ صحیح معنوں میں ایک عوامی فلاحی ادارہ بن سکے ۔یہ بات انہوں نے سوشل سیکورٹی ہیڈ آفس میں سوشل سیکورٹی آفیسر ز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہی سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سوشل سیکورٹی کا ادارہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لئے قائم کیا تھا لہٰذااب اس کا مقصد عوامی خدمت اور فلاح وبہبود ہونا چاہئے افسران اپنی محنت لگن اور ایمانداری سے اس ادارے کو مطلوبہ معیار کا بنانے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون ومعاملات کے حل کے لئے ترجیح دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایسوسی ایشن کے سپاسنامہ میں اٹھائے گئے نکات کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ 16سی17گریڈ کی اپ گریڈیشن DPC 15 دن کے اندر کرائی جائے گی ڈائریکٹوریٹ کے قیام کا عمل گورننگ باڈی کی منظوری سے جلد لیا جائے گا ۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ادارے میں شفافیت کے لئے آٹو میشن کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں اور محنت کشوں کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے آن لائن رجسٹریشن کا نظام عمل میں لاچکے ہیں انہوں نے کہا کہ شکایتی سیل کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ زیر التواء معاملات کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔

قبل ازیں تقریب سے سیکریٹری محنت عبدالرشید سولنگی نے افسران پر زوردیا کہ وہ پابندی وقت اور سرکاری امور جلد از جلد نمٹائیں محنت کشوں کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر بلاتاخیر حل کئے جارہے ہیں صوبائی وزیر محنت سید ناصر حسین شاہ کی زیر قیادت سوشل سیکورٹی اور محنت کے دیگر شعبے فعال کردار ادا کرکے مزدور دوست اقدامات کے ذریعے مذکورہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اوراب صحیح معنوں میں فلاحی ادارہ بننے کی جانب گامزن ہے ۔تقریب سے صدر سوشل سیکورٹی ایسوسی ایشن بلند اقبال ۔جنرل سیکریٹری وسیم جمال ،زاہد حسین اور دیگر نے خطاب کیا بعد ازاں صوبائی وزیر محنت سید ناصر حسین شاہ نے بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے افسران میں ایوارڈ تقسیم کئے ۔