چوتھا ایک روزہ میچ، پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:29

چوتھا ایک روزہ میچ، پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20اکتوبر۔2017ء) پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں 7وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 4-0کی برتری حاصل کرلی ہے ۔شارجہ میں جاری پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 173 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے امام صرف 2 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم نے فخرزمان کا ساتھ دیا لیکن فخر بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 17 رنز پر آﺅٹ ہوگئے ، محمد حفیظ بھی 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

بابر اعظم اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلئے 50 رنز کی شراکت قائم کی اور وہ اس وقت وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شارجہ میں کھیلے جا رہے چوتھے ون ڈے میں سری لنکا نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ایک مرتبہ پھر غلط ثابت ہوا۔سری لنکا کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں 2 رنز پر گری جب کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان خان شنواری نے سری لنکن کپتان اپل تھارنگا کی وکٹیں بکھیر کر کیریئر کا شاندار انداز میں آغاز کیا،نروشن ڈکویلا نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن وہ 22 رنز بنانے کے بعد وہ جنید خان کی وکٹ بن گئے،30 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد دنیش چندیمل اور لہیرو تھیمانے یکجا ہوئے اور آہستہ آہستہ سکور آگے بڑھانا شروع کیا لیکن ابھی انہوں نے دوسری وکٹ کیلئے 29 رنز ہی جوڑے تھے کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں چندیمل رن آو¿ٹ ہو گئے ،اگلی گیند پر عماد وسیم نے ڈیبیو کرنے والے سدیرا سمارا وکراما کی وکٹیں بکھیر دیں،سری لنکا کی پانچویں وکٹ 91 رنز پر گری جب ملندا سریوردنا 13 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آو¿ٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے پہلی اور دوسری گیند پر سکیگو پرسنا اور تھسارا پریرا کو پویلین لوٹا کر پاکستان کو چھٹی اور ساتویں کامیابی دلائی،99 رنز پر سات کھلاڑی آﺅٹ ہونے کے بعد تھریمانے اور اکیلا دھننجیا نے 43 رنز جوڑ کر ٹیم کے آنسو پونچھنے کی کوشش کی لیکن حسن علی نے اپنے نئے سپیل کے پہلے ہی اوور میں دھننجیا کی اننگز کا خاتمہ کردیا، تھریمانے نے نصف سنچری بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن 62 کے انفرادی سکور پر عماد وسیم نے ان کی اننگز کے آگے فل سٹاپ لگا دیا۔

پاکستان کو سری لنکا کی آخری وکٹ کیلئے بھی زیادہ تگ و دو نہیں کرنی پڑی اور حسن علی نے گماگے کو بولڈ کر کے لنکن ٹیم کی بساط 173 رنز پر لپیٹ دی۔پاکستان کی جانب سے حسن علی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جبکہ شاداب خان اور عماد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ چوتھے ون ڈے کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں ہیں، رومان رئیس کی جگہ عثمان خان شنواری اور فہیم اشرف کی جگہ عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :