ایس ڈی او محکمہ کی کارکردگی کی اصل تصویر پیش کرتاہے۔محمد اکرم چوہدری

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:10

ملتان۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ سب ڈویژنل افسران محکمہ کا خاص منتخب نمائندہ اور نائب ہوتاہے جو محکمہ کی کارکردگی کی اصل تصویر پیش کرتاہے ۔ وہ میپکو ریجنل ٹریننگ سنٹر میں نئے بھرتی ہونے والے جونیئر انجینئرز/ایس ڈی اوز کی تربیت کے اختتام پر تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ سب ڈویژنل دفاتر رول ماڈلز ہونے چاہئے ۔ فیلڈ میں تعینات ہونے والے ایس ڈی اوز کسٹمرسروسز پر سب سے زیادہ توجہ دیں اور صارفین کے مسائل سنجیدگی سے حل کریں ۔ ایمانداری سے فرائض سرانجام دیں اور کمپنی کا نام روشن کریں ۔ ادارے کی ترقی کے لئے کام کریں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس محمد نعیم اللہ نے کہا کہ وزارت پانی وبجلی کی جانب سے اووربلنگ کے خاتمے اور لائن لاسز میں کمی کے لئے سختی سے ہدایات دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

نئے بھرتی ہونے والے ایس ڈی اوز فیلڈ میں تعیناتی کے بعد اتھارٹی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کریں ۔ بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کریں اوردرست میٹرریڈنگ کی100فیصد تصاویر کی اشاعت یقینی بنائیں ۔ بعدازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تربیت مکمل کرنے والے جونیئر انجینئرز/ایس ڈی اوز میں اسناد تقسیم کیں اور مبارکباددی۔ تقریب میں چیف انجینئر او اینڈ ایم عبدالعزیز نیازی، ڈپٹی منیجر ریجنل ٹریننگ سنٹر خواجہ حفیظ اللہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔