قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے 33 نئے منصوبوں کی منظوری

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:10

ڈی جی خان۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ٹرائیبل ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اپروول کمیٹی نے ڈیرہ و راجن پور اضلاع کے قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے 33 نئے منصوبوں کی منظوری دی ہے جن پر مجموعی طو رپر دو کروڑ 47لاکھ 60 ہزار روپے خرچ ہو ںگے۔ منظور ہونے والے منصوبوں میں پینے کے پانی کیلئے گہرے کنویں کی کھدائی ، زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کیلئے تالابوں کی تعمیر اور واٹر سپلائی کے چھوٹے بڑے منصوبے شامل ہیں اس کے علاوہ دونوں اضلاع کے قبائلی عوام میں بجلی کے متبادل 351 پچاس واٹ کے سولر سسٹم تقسیم کیے جائیں گے ۔

اس بات کافیصلہ پراجیکٹ ڈائریکٹر طاہر خورشید کی زیر صدارت ہونے والے ٹی اے ڈی پی کے اجلاس میں کیاگیا، جس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ ڈیرہ غازیخان جمیل احمد ، ایس ای پراجیکٹ سرکل انہار شیخ فضل کریم ، ریجنل جنرل منیجر این آر ایس پی عبدالرزاق شیرانی ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ آفتاب احمد ملک ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد توصیف طاہر ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد عارف ، ایکسیئن اشفاق الرحمن ، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر امجد حسین ، رسالدار بی ایم پی سردار شیر افگن گورچانی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سہیل روف ، ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر ممتاز احمد کے علاوہ ایس این اے محمد یاسر بھٹی او ر ٹی اے ڈی پی کے دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ ڈائریکٹر طاہر خورشید نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان اور راجن پو رکے قبائلی علاقوں میں 196کلومیٹر طویل سات نئی پختہ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، جن میں سخی سرور تا رونگھن ، پہاڑ سر تا نیلخ تھوخ ، کھرڑ بزدار تا دربار پیر گانوں ہنگلوں کچھ ، سرتھوخ تا ٹھیکر ، سٹہ تا پھگلہ ، تھانہ کھنبی تا ماڑی اورماڑی تا کلچاس شامل ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نئی سڑکوں کی جلد تعمیر کیلئے سرو ے اور تخمینہ لگانے کا کام جلد مکمل کر کے منظوری کیلئے سمری حکومت پنجاب کو ارسال کر دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب ٹرائیبل ایریا کی ترقی اور عوام کو ضروری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کو شا ں ہے، اس مقصد کیلئے اربوں روپے کے فنڈز نئے منصوبوں کی تشکیل و تعمیر کیلئے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ٹی اے ڈی پی افسران کو ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر کے انہیں مقرر ہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ تعمیراتی کمپنیاں افرادی قوت بڑھا کر منصوبوں کو دیئے گئے فریم ورک میں مکمل کریں تاہم منصوبوں میں مٹیریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی منصوبوں کی تکمیل کیلئے مزید مہلت دی جائے گی۔

انہوںنے کہاکہ افسران فیلڈ میں نکلیں اور دیئے گئے حکومتی ٹارگٹ کے سو فیصد حصول کیلئے دن رات محنت سے کام کریں۔ انہوںنے کہاکہ ٹرائیبل ایریا کے 675 مردوخواتین کو پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ کے تحت مختلف ہنر میں تربیت دینے کا کام دسمبر 2017تک مکمل کر لیا جائے گا جس کیلئے دونو ں اضلاع کے قبائلی علاقوں میں 25مختلف مقامات پر ٹریننگ سنٹر قائم کردیئے گئے ہیں۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں او راب تک حکومت کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ بتایاگیا کہ دونو ںاضلاع کے ٹرائیبل ایریا میں زیر تعمیر 19میں سے نو سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی جون 2018تک مکمل کر لی جائیں گی۔ اسی طرح کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی 328میں سے 242سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں ۔