دانش سکول وسائل سے محروم طبقہ کیلئے رحمت سے کم نہیں۔ڈپٹی کمشنر

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:10

ڈی جی خان۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم نے کہا ہے کہ دانش سکول وسائل سے محروم طبقہ کیلئے رحمت سے کم نہیں۔ یتیم بچوں کیلئے باپ کا سایہ ، ماں کی گود اور زیر تعلیم بچوں کیلئے روشن مینار ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار دانش سکول بوائز ونگ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہاکہ نوجوان نسل کی کردار سازی پر توجہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

نوجوانوں سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے جسے روشن اور تابناک بنانے کیلئے سب کو کردارادا کرنا چاہیئے۔ پرنسپل کرنل (ر) افتخار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنوری 2013 سے کلاسز کا اجراء کیا گیا اور اس وقت چھٹے تعلیمی سیشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ادارہ کے طلباء نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں صوبہ بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کیں۔ تقریب سے سی ای او تعلیم عبدالغفار لنگاہ ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ر) ملک احمد بخش بھاپا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طلباء کے علاوہ اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں متعلقہ افسران اور طلباء کے والدین نے شرکت کی۔