جنرل مشرف کے دور سے شروع ہونیوالے امریکی ڈرون حملے تاحال رکنے کا نام نہیں لے رہے، پاکستانی حکمران بے حس ہیں، ڈرون حملے ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں ، حکمران اپنے عوام کیلئے تو شیر ہیں لیکن امریکہ کے آگے بھیگی بلی بن جاتے ہیں

عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلانے کا وعدہ کرنیوالے ساڑھے چار سال میں بھی قوم کی بیٹی کو واپس نہ لاسکے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خا ن این ای4کی انتخابی مہم کے جلوسوں میں خطاب

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خا ن نے کہا ہے کہ جنرل مشرف کے دور سے شروع ہونے والے زرداری اور نواز دور میں جاری رہنے والے امریکی ڈرون حملے تاحال رکنے کا نام نہیں لے رہے۔ پاکستانی حکمران بے حس اور بے غیرت ہیں۔ ڈرون حملے ملکی سالمیت کے لئے خطرہ ہیں ، حکمران اپنے عوام کے لئے تو شیر ہیں لیکن امریکہ کے آگے بھیگی بلی بن جاتے ہیں۔

عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلانے کا وعدہ کرنے والے ساڑھے چار سال میں بھی قوم کی بیٹی کو واپس نہ لاسکے۔ قوم نے اپنے اوپر سانپ ، بچھو اور جونکیں مسلط کی ہیں جو ان کو ڈستی اور خون چوس رہی ہیں۔ ووٹ کی طاقت سے ان سانپوں اور بچھوؤں کے سروں کو کچلنا ہوگا۔ این اے 4میں چند کوڑیوں کے مول ووٹروں کے ضمیر اور ایمان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن این اے 4میں حکومتی وسائل کے استعمال کا نوٹس لیں، صوبائی اور مرکزی حکومتیں ترقیاتی سکیموں کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ این اے 4کے عوام حکومتی بہکاوے میں نہ آئیں،عوام دیانتدار قیادت کو اپنا نمائندہ منتخب کریں۔ جماعت اسلامی کے پاس واصل فاروق چمکنی کی صورت میں دیانتدار اور مخلص قیادت موجود ہے جو حلقہ کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

این اے فور کے عوام ضمنی انتخاب میں واصل فاروق کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔وہ جمعہ کو حیدر گڑھی ترناب فارم سٹاپ اور ارمڑ میرہ میں این اے فور کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انتخابی جلسوں سے جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان، امیدوار این اے فور واصل فاروق چمکنی،مرکزی رہنما انتخاب خان چمکنی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی جاوید مومند اور حاجی جمٹ خان آفریدی نے بھی خطاب کیا۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو امریکہ کے ہاتھ فروخت کردیا جبکہ دو پاکستانیوں کے قاتل دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس جو سرکاری پروٹوکول میں واپس امریکہ بھیجا ۔ یہ حکمران پاکستان کے دشمن اور امریکہ کے غلام ہیں، ان سے کسی قسم کے خیر کی توقع صحرا میں پانی ڈھونڈنے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی ان حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے اور ملک میں صالح، ایماندار اور دیانتدار قیادت لانے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر کو غلامانہ مصطفی اور غلامانہ امریکہ کا مقابلہ ہے۔ این اے 4کے عوام امریکہ کے ایجنٹوں اور اللہ اور رسول ﷺ کے دشمنوں کو مسترد کرکے نوجوان قائد واصل فاروق چمکنی کو ووٹ دیں ۔عوام ووٹ کی طاقت سے چوروں ، لٹیروں اور اژدہوں کو شکست فاش دیں۔ این اے 4میں ایک طرف سیکولر قیادت ہے اور دوسری طرف واصل فاروق کی صورت میں دینی قیادت ہے۔واصل فاروق چمکنی نوجوانوں کے حقیقی قائد اور ووٹ کے صحیح حقدار ہیں۔