Live Updates

تحریک انصاف کی کرپشن کیخلاف جدو جہد ذاتیات سے بالاتر ہے خ کسی کو خاطر میں لائے بغیر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں ،کرپشن وترقی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے،سرکاری افسران عوامی نمائندوں کے حجروں میں حاضریاں دینے کی بجائے عوام کے مسائل حل کرتے ہیں

صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر کھیل کا شمولیتی تقریب سے خطاب

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر کھیل ،آبپاشی اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا کرپشن کے خلاف جہدوجہد ذاتیات سے بالاتر ہے یہی وجہ ہے کہ وہ کسی کو خاطر میں لائے بغیر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہتی ہے، کرپشن اور ترقی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

ہماری حکومت نے سرکاری محکموں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے ان کو با اختیار بنادیا ہے،سرکاری افسران عوامی نمائندوں کے حجروں میں حاضریاں دینے کی بجائے عوام کے مسائل حل کرتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز مدین سوات میں ایک عظیم الشان شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جلسے میں معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک محب اللہ خان‘پارلیمانی سیکرٹری برائے انٹی کرپشن ڈاکٹر حید رعلی‘اراکین اسمبلی عزیز اللہ گران‘فضل حکیم اور دیگر معززین بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوارمیاں شرافت علی خان نے اپنے خاندان سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ(ن) سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔محمود خان نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ذاتی مفاد کیلئے بدمعاشوں اور سماج دشمن عناصر کی سرپرستی کی اور پولیس کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جس سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوکررہ گئی تھی۔

اسی طرح ان لوگوں نے غریب دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری سکولوں میں رشوت اور سفارش پرنااہل لوگوں کو بھرتی کیا جس سے ادارے تباہ ہوکر رہ گئے اور یہاں پڑھنے والے غریب والدین کے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا تھاہماری حکومت نے سرکاری سکولوں میں خالص میرٹ پر بھرتیاں کرنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا اور سکولوں میں طلبہ وطالبات کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے فراہم کئے۔

محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مثبت پالیسیوں اور اچھی کارکردگی کی بدولت دوسری سیاسی پارٹیوں کے اہم رہنما پی ٹی آئی میں شمولیتیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری سیاست کا محوردولت اکھٹاکرنا یا اقتدار کے مزے لوٹنا نہیں بلکہ غریب عوام کی بے لوث خدمت کرنا‘معاشرے سے ظلم اور ناانصافیوں کا خاتمہ اور فوری وسستی انصاف کی فراہمی ہے۔محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے قیادت میں صوبے کے کونے کونے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا دیے گئے ہیں جن سے صوبے میں خوشحالی اور ترقی کا انقلاب برپا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات