روٹی، کپڑا اور مکان انسان کی بنیادی ضروریات ہیں، پیپلزپارٹی کی ترجیح رہی ہے کہ عوام کیلئے روزگار کے وسائل پیدا کئے جائیں، شہید قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور فلسفہ ہی پارٹی کا منشور ہے،قائدعوامنے پہلی مرتبہ ملک کے ہر شہری کو پاسپورٹ بنانے کا حق دیا،آج لاکھوں پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں، وہ خوشحال ہیں اور پاکستان کو زرمبادلہ بھیج کر ملک کی معیشت کر مضبوط کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:04

روٹی، کپڑا اور مکان انسان کی بنیادی ضروریات ہیں، پیپلزپارٹی کی ترجیح ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) سابق صدر پاکستان اورپاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان انسان کی بنیادی ضروریات ہیں اس لئے پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجیح رہی ہے کہ عوام کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور فلسفہ ہی پارٹی کا منشور ہے۔

قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو نے پہلی مرتبہ ملک کے ہر شہری کو پاسپورٹ بنانے کا حق دیا۔ آج لاکھوں پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں، وہ خوشحال ہیں اور پاکستان کو زرمبادلہ بھیج کر ملک کی معیشت کر مضبوط کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی کے منشور کمیٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی جو بلاول ہائوس لاہور میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سید نیر حسین بخاری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمن، میاں منظور وٹو، چوہدری لطیف اکبر، امجد حسین، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، صابر بلوچ، اخونزادہ چٹان، نثار احمد کھوڑو اور سید نوید قمر نے شرکت کی۔

کمیٹی میں شامل اراکین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید جب اقتدار میں آئیں تو انہوں نے لاکھوں نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کیں اور ان ملازمین کو بھی بحال کیا جن کو ضیا آمریت کے دوران برطرف کیا گیا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جن کو غریب عوام کی خوشحالی پسند نہیں انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خلاف نوجوانوں کو روزگار دینے کے ریفرنس بنائے۔

عوام دشمنوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حکومت کو برطرف کرنے کے بعد بے شمار سرکاری ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا مگر جب پاکستان پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آئی تو نہ صرف روزگار کے نئے وسائل پیدا کئے لاکھوں نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کیں اور ان ملازمین کو معاوضے کے ساتھ بحال کیا جن کو نواز شریف کے دور میں ملازمتوں سے فارغ کیا گیا تھا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ تعلیم، صحت اور امن پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح ہے۔ اس لئے پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور انقلابی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ اور فلسفے کے عین مطابق ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔ ایسا ملک جہاں انصاف اور ایسی ریاست جہاں عوام کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا مکمل حق حاصل ہو۔