میڈیا کے بعض دوستوں نے غلط خبرچلائی،میری صدارت میں پنجاب اسمبلی ارکان کا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی بات کی گئی ہو ،مسلم لیگ (ن) سے 32سالہ وابستگی ہے،ہمیشہ ہر مشکل اور کڑے وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا ہوں اور آئندہ بھی کھڑا رہوں گا،صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کی نجی ٹی وی چینلز پر آنیوالی خبروں کی سختی سے تردید

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:04

میڈیا کے بعض دوستوں نے غلط خبرچلائی،میری صدارت میں پنجاب اسمبلی ارکان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ ان کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کے ارکان کا کوئی اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی بات کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینلز کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے رکن شوکت لالیکا جو سابق وفاقی وزیر عبدالستار لالیکا(مرحوم) کے بھتیجے ہیں نے انہیں اپنے گھر کھانے کی دعوت پر مدعو کیا تھا جس میں 15 سے 20 دیگر ارکان صوبائی اسمبلی موجود تھے اور یہ دعوت انہوں نے میرے اعزاز میں رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ حال ہی میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے ہیں اور اس وجہ سے شوکت لالیکا نے کھانے کی دعوت رکھی تھی لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ میڈیا کے بعض دوستوں نے غلط اور بے بنیاد خبرچلائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قائد میاں محمد نواز شریف ہیں اور مسلم لیگ (ن) سے ان کی 32سالہ وابستگی ہے اور ہمیشہ ہر مشکل اور کڑے وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا ہوں اور آئندہ بھی کھڑا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے اور بے بنیاد خبروں کو جاری کرنے سے قبل انہیں تصدیق کرنی چاہیے تھی۔