لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے شیعہ مسنگ پرسن ریلیز کمیٹی کے زیراہتمام احتجاجی ریلی کا انعقاد ، لاپتہ افراد کی بازیاب کیا جائے،مطالبہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:04

لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے شیعہ مسنگ پرسن ریلیز کمیٹی کے زیراہتمام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے شیعہ مسنگ پرسن ریلیز کمیٹی کی جانب سے نماز جمعہ کے بعدجامع مسجد حسینی برف خانہ ملیر سے احتجاجی ریلی نیشنل ہائی وے تک نکالی گئی جہاں علامتی دھرنے کے بعد شیعہ ایکشن کمیٹی کے پانچ رہنماوں نے از خود گرفتاریاں پیش کیں۔ لاپتہ شیعہ افراد کے اہل خانہ ،شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما صغیر عابد رضوی ،حسن سہیل ،شیعہ علما کونسل کے رہنما یعقوب شہباز،علامہ ناظر تقوی ،مسلم رضا ،مجلس و حدت مسلمین کے رہنما علامہ مقسود علی ڈومکی،علی حسین نقوی ،علامہ احسان دانش یام ولایت فاونڈیشن کے رہنما نثار شاہ جی ،اسلم عباس ،پاسبان عزارہنما راشد رضوی آئی ایس او کے مولانا عقیل موسی ،قاسم رضا سمیت ہیت آئمہ مساجد و علما امامیہ،زاکرین امامیہ سمیت دیگر جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد ریلی میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

شرکا نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پرلاپتہ افراد کی تصویریں اور ان کی بازیابی کے لیے نعرے درج تھے۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کی لیے ہماری پر امن جیل بھرو تحریک جاری ہے۔یہ تحریک لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں کی جانب سے ہے۔ جب تک جبری لاپتا کئے گئے شیعہ افراد کو بازیاب نہیں کرایا جاتا ہمارا پر امن منظم احتجاج ایسی طرح جاری رہے گا۔

حکومت ہمارے برداشت کا امتحان نہ لے اگر ہمارے پیاروں کو آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاتا تو یہ احتجاج کا سلسلہ سندھ بھر سے ملک گیر سطح پر شروع کیا جائے۔ہمارے پچاس سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کر کے غائب کیا گیا ہے۔ کیا شیعہ حضرات کو حب الوطنی کی سزا دی جارہی ہے۔ رہنماوں نے وفاقی حکومت سے لاپتہ کارکنان کی فوری طور پر بازیابی اور عدالتوں میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ اگر جیل بھرو تحریک سے مسئلہ حل نہیں ہوا تو دھرنا دیا جائے گا۔دریں اثناء احتجاجی مظاہرین نے نیشل ہائی وے ریلی کے اختتام پر سعود آبا د پولیس کو رضاکارانہ گرفتاری دیکر مظاہرہ ختم کردیا۔ گرفتاری دینے والوں میں شیعہ ایکشن کمیٹی کے مولانا ناظم علی آزاد علامہ ارشد علی فائزی، مولانا نثار حسین الحسینی، مولانا ابرار علی ایمانی،مولاناسخاوت علی ساجدی اورشکیل حیدرشامل ہیں

متعلقہ عنوان :