پالیسی اصلاحات کیلئے ایس ڈی پی آئی اور راولپنڈی چیمبر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

دونوں ادارے معاشی شعبوں میںجامع اصلاحات کیلئے مل کر کام کریں گے

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء)پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( آر سی سی آئی) نے مفاہمت کی ایک یادداشت(ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے معاشی پالیسیوں میں اصلاحات کے حوالے سے مل کر کام کریں گے، دونوں اداروں کی طرف سے پائیدار ترقی کے مختلف دوسرے شعبوں کے فروغ کے لیے بھی باہمی تعاون پر رضا مندی کا اظہار کیا گیا ہے، ایم او یو پر ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری اور آر سی سی آئی کے صدر زاہد لطیف خان نے دستخط کیے جبکہ اس موقع پر دونوں اداروں کی سینئر نمائندے جن میں آر سی سی آئی کے نائب صدر خالد فاروق قاضی، سیکرٹری جنرل عرفان منان خانا ور ایس ڈی پی آئی کے سینئر پالیسی ایڈوائزر شفقت منیر بھی شامل ہیں، موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عابد سلہری نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی صنعت اور تجارت کو اس وقت کئی مسائل کا سامنا ہے جن میں برآمدات کے ضمن میں رکاوٹیں اور دوہرے ٹیکسوں کا نفاذ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ایس ڈی پی آئی کی کوشش ہو گی کہ وہ آر سی سی آئی کو پالیسی سفارشات کے حوالے سے تحقیق میں معاونت بہم پہنچائے۔ آر سی سی آئی کے صدر زاہد لطیف خان نے دونوں اداروں کی درمیان تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ اس وقت اراکین پارلیمنٹ سے مل کر پالیسی اصلاحات لانے کے لیے مصروف عمل ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی کی مختلف معاشی شعبوں میں تحقیق جامع سفارشات مرتب کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہو گی۔ ایم او یو کے تحت سول سوسائٹی اور نجی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی باہمی رضامندی کا اظہار کیا گیا ہے۔