ختم نبوت ؐکے حلف نامے کو اقرار نامے میں تبدیل کرنا حکمرانوں کی بد نیتی ہے،غلام علی خان

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء)پاکستان عوامی تحریک کے رہنما غلام علی خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ختم نبوتؐ کے ایشو کو چھیڑ کر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، حلف نامے کو اقرار نامے میں تبدیل کر کے توہین رسالت ؐ کے مرتکب ہوئے ہیں ، حلف نامے کو تبدیل کرنے والے محرکات کو قوم کے سامنے لایا جائے اور اس میں ملوث جو بھی افراد شامل ہیں انہیں قرار واقعی سزا دی جائے کیونکہ یہ ناقابل معافی جرم ہے۔

وہ بروز جمعہ لال حویلی میں ختم نبوتؐ کے حوالے سے منعقدہ شیخ رشید احمد کے جلسہ عام کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کر رہے تھے۔ غلام علی خان نے کہا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پارلیمنٹ میں ختم نبوتؐ کے معاملے کو اٹھا کر جراتمندی کا ثبوت دیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اس قدر بوکھلا چکے ہیں کہ وہ کھلم کھلا شعار اسلام کے خلاف ورزی کرتے جا رہے ہیں ، حکمرانوں کا اپنا ہی بویا ہوا بیج آج ان کی تباہی کا باعث بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

سانحہ ماڈل ٹائون کا خون رنگ لا رہا ہے اور قاتل خود بخود پکڑ میں آرہے ہیں ، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے اور قاتل اور نا اہل حکمرانوں کا زوالاسی روز شروع ہو گیا تھا جب چودہ نہتے شہریوں کا کھلے عام قتل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ؐ کے لیے نہ کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے نہ اس سے قبل ہوا ہے اور اس پر سارا عالم اسلام متفق ہے۔ ختم نبوت ؐکے حلف نامے کو اقرار نامے میں تبدیل کرنا حکمرانوں کی بد نیتی ہے۔