پاکستان میں بہت جلد اسلامی نظام نافذ ہوگا ،سراج الحق

لوگوں کو اسلامی نظام سے ڈرایا جاتا ہے کہ اس میں ہاتھ کاٹ دیئے جاتے ہیں،اسلامی نظام رحمت کا نظام ہے ،ہاتھ صرف چوروں کے کاٹے جاتے ہیں، اسلامی نظام کی بدولت یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے ملنے تک گزارہ الاونس دیا جائے گا،ملک میں غربت،مہنگائی اور کرپشن نواز شریف حکومت کا تحفہ ہے ، سرمایہ دار حکمرانوں کے کتے اور گھوڑے مکھن اور مربوں پر پل رہے ہیں، میں ایسے نظام کو نہیں مانتا جس میں ایک خاتون حکمرانوں کے گھر کے آگے سڑک پر بچے کو جنم دیا ، حکمرانوں نے 1480 ارب کا قرضہ لیا مگر ایک بھی معیاری ہسپتال اور ڈیم تک نہیں بنا سکے ، 2 کروڑ سے زائدبچے تعلیم سے محروم ہیں،نوازشریف ٹولہ کہتا ہے کہ ہم نے سعودی عرب اور قطر سے پیسہ کمایا، ان لوگوں نے کہیں سے پیسہ نہیں کمایا بلکہ عوام کا خون چوسا ہے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق کا بورے والا،وہاڑی اورماچھیوال میں عوامی جلسوں سے خطاب

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:02

پاکستان میں بہت جلد  اسلامی نظام نافذ ہوگا ،سراج الحق
بورے والا/وہاڑی/ماچھیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے بڑے چوروں اور لٹیروں کی نیندیں اڑا دی ہیں، نوازشریف کی نااہلی اور 3ریفرنسز میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد موجودہ و سابقہ لٹیرے چھپنے کی جگہ تلاش کررہے ہیں، عوام اب ان لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے جنہوں نے 7 دہائیوں تک عوام کو اپنا غلام بنائے رکھا ، قومی وسائل کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں منتقل کرتے رہے، ملک میں غربت،مہنگائی اور کرپشن نواز شریف حکومت کا تحفہ ہے، عام آدمی کو تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں، کسانوں کو زمینوں کیلئے پانی ملتا ہے نہ اپنے مال مویشیوں کیلئے، ہر طرف ظلم و جبر کا راج ہے، کسی جگہ قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو ماچھیوال، وہاڑی اور بورے والا میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کررہے تھے۔ جلسہ سے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد ، جے آئی یوتھ کے صدر زبیر احمد گوندل ، ریاض وڑائچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں اسلامی نظام کی راہ میں رکاوٹ اقتدار میں رہنے والی مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی ، جاگیردار اور وڈیرے ہیں جنہوں نے سیاست اور جمہوریت کے نام پر عوام کا استحصال کیا ۔

نوازشریف نے نظریہ پاکستان کے ساتھ بے وفائی اور آئین و قانون کی حکمرانی سے روگردانی کی ۔ اب تو صدر پاکستان بھی بول اٹھے ہیں کہ نواز حکومت نے چار سالہ دور میں 14 ارب 80 کروڑ ڈالر کے جو قرضے لیے ، وہ کہیں نظر نہیں آ رہے ۔ یہ قرضے کرپشن کی نذر ہو ئے ۔ حکومت نے عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت کے تحفے دیے ۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار ی ضرب المثل بن چکی ہے اور قومی و بین الاقوامی اداروں نے ہمارے موجودہ و سابقہ اراکین اسمبلی ، وزراء اور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کی کارکردگی کو سراہاہے ۔

نیب پانامہ لیکس کے دیگر کرداروں اور کرپشن کے میگا اسکینڈلز میں ملوث قومی مجرموں کا بلا امتیاز احتساب کرے ۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات میں عوام ان وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں اور ان کے چنگل سے آزادی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر نوجوانوں کو بے روزگاری اور بوڑھوں کو بڑھاپا الائونس دے گی اور پانچ بڑی بیماریوں کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ ہم غریب اور امیر کے لیے یکساں تعلیمی نظام اور یکساں نصاب دیں گے تاکہ غریب کے بچے کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں اور عام آدمی غربت اور جہالت کے پھندوں سے نکل کر ایک باعزت اور باوقار شہری کی طرح زندگی گزار سکے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ملک کے اکیس کروڑ عوام چاہتے ہیں کہ انہیں قرآن و سنت کے نظام میں زندگی گزارنے کا موقع ملے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کسی وڈیریے اور جاگیردار نے نہیں غریب عوام نے بنایا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دو کروڑ سے زائد بچوں کو تعلیم نہیں مل رہی اور وہ ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے پر مجبور ہیں جبکہ حکمرانوں کے بچے بیرون ملک پڑھتے ہیں اور ان کا علاج عوام کے ٹیکسوںکے پیسے سے ملک میں نہیں لندن ، پیرس اور نیو یارک کے ہسپتالوں میں ہوتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ گزشتہ ایک سال میں ہسپتالوں کے باہر سڑک پر بچوں کی پیدائش کے چار واقعات ہوچکے ہیں ۔ ماچھیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں غربت،مہنگائی اور کرپشن نواز شریف حکومت کا تحفہ ہے، لوگوں کو اسلامی نظام سے ڈرایا جاتا ہے کہ اس میں ہاتھ کاٹ دیئے جاتے ہیں،اسلامی نظام رحمت کا نظام ہے ہاتھ صرف چوروں کے کاٹے جاتے ہیں، بہت جلد ملک میں اسلامی نظام آئے گا،اسلامی نظام کی بدولت یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے ملنے تک گزارہ الاونس دیا جائے گا،یہاں اس نظام میں ملک کے بچے گندگی سے رزق ڈھونڈتے ہیں، سرمایہ دار حکمرانوں کے کتے اور گھوڑے مکھن اور مربعوں پر پل رہے ہیں میں ایسے نظام کو نہی مانتا جس میں ایک خاتون حکمرانوں کے گھر کے آگے سڑک پر بچے کو جنم دیا،یہ لوگ کاروبار لندن میں اور حکمرانی پاکستان میں کرتے ہیں، ان حکمرانوں نے 1480بلین کا قرضہ لیا مگر ایک بھی معیاری ہسپتال اور ڈیم تک نہیں بنا سکے ہر پانچواں پاکستانی شوگر اور ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں لیکن ظالم حکمران اپنے اور بیوی بچوں کے علاج کیلئے ملک سے باہر چلے جاتے ہیں ،ملک میں 2 کروڑ سے زائدبچے تعلیم سے محروم ہیں،نوازشریف ٹولہ کہتا ہے کہ ہم نے سعودی عرب اور قطر سے پیسہ کمایا، ان لوگوں نے کہیں سے پیسہ نہیں کمایا بلکہ عوام کا خون چوسا ہے۔