نوازشریف کی نااہلی اور تین ریفرنسز میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد موجودہ و سابقہ لٹیرے چھپنے کی جگہ تلاش کررہے ہیں ،ْ سراج الحق

عوام لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ،ْعام آدمی کو تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ،ْ جنوبی پنجاب کے عوام غربت اور کسمپرسی کی چکی میں پس رہے ہیں ،ْ امیر جماعت اسلامی کا جلسہ سے خطاب

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:57

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نوازشریف کی نااہلی اور تین ریفرنسز میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد موجودہ و سابقہ لٹیرے چھپنے کی جگہ تلاش کررہے ہیں ،ْ عوام اب ان لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ،ْعام آدمی کو تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ،ْ جنوبی پنجاب کے عوام غربت اور کسمپرسی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔

وہ ماچھیوال میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے جلسہ سے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد ، جے آئی یوتھ کے صدر زبیر احمد گوندل ، ریاض وڑائچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں اسلامی نظام کی راہ میں رکاوٹ اقتدار میں رہنے والی مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی ، جاگیردار اور وڈیرے ہیں جنہوں نے سیاست اور جمہوریت کے نام پر عوام کا استحصال کیا ۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے نظریہ پاکستان کے ساتھ بے وفائی اور آئین و قانون کی حکمرانی سے روگردانی کی ۔ اب تو صدر پاکستان بھی بول اٹھے ہیں کہ نواز حکومت نے چار سالہ دور میں 14 ارب 80 کروڑ ڈالر کے جو قرضے لیے ، وہ کہیں نظر نہیں آ رہے ۔ یہ قرضے کرپشن کی نذر ہو ئے ۔ حکومت نے عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت کے تحفے دیے ۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار ی ضرب المثل بن چکی ہے اور قومی و بین الاقوامی اداروں نے ہمارے موجودہ و سابقہ اراکین اسمبلی ، وزراء اور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کی کارکردگی کو سراہاہے ۔

نیب پانامہ لیکس کے دیگر کرداروں اور کرپشن کے میگا اسکینڈلز میں ملوث قومی مجرموں کا بلا امتیاز احتساب کرے ۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات میں عوام ان وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں اور ان کے چنگل سے آزادی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر نوجوانوں کو بے روزگاری اور بوڑھوں کو بڑھاپا الائونس دے گی اور پانچ بڑی بیماریوں کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ ہم غریب اور امیر کے لیے یکساں تعلیمی نظام اور یکساں نصاب دیں گے تاکہ غریب کے بچے کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں اور عام آدمی غربت اور جہالت کے پھندوں سے نکل کر ایک باعزت اور باوقار شہری کی طرح زندگی گزار سکے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ملک کے اکیس کروڑ عوام چاہتے ہیں کہ انہیں قرآن و سنت کے نظام میں زندگی گزارنے کا موقع ملے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کسی وڈیریے اور جاگیردار نے نہیں غریب عوام نے بنایا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دو کروڑ سے زائد بچوں کو تعلیم نہیں مل رہی اور وہ ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے پر مجبور ہیں جبکہ حکمرانوں کے بچے بیرون ملک پڑھتے ہیں اور ان کا علاج عوام کے ٹیکسوںکے پیسے سے ملک میں نہیں لندن ، پیرس اور نیو یارک کے ہسپتالوں میں ہوتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ ایک سال میں ہسپتالوں کے باہر سڑک پر بچوں کی پیدائش کے چار واقعات ہوچکے ہیں ۔