کوئٹہ , افغانستان کے نمائندہ وفد کا پشتونخوامیپ کے ڈپٹی چیئرمین ارواشاد عبدالرحیم خان مندوخیل کے وفات پرفاتحہ خوانی و اظہارتعزیت

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2017ء) افغانستان کے ایک نمائندہ وفد نے افغان مملکت اور افغان حکومت کی نمائندگی سے پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین ارواشاد مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کے وفات پر فاتحہ خوانی وتعزیت کی ۔ وفد میں افغان صدر کے مشیر لعل باچا ازمون ، ممتاز دانشور وریڈیو ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر زرین انزور ، افغان سفارت کار زرتشت شمس ، افغان قونصل جنرل وحید اللہ مومند شامل تھے۔

افغان نمائندہ وفد نے افغان صدر جناب ڈاکٹر اشرف غنی اور افغان حکومت کی نمائندگی سے مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کو افغان وطن کا ایک عظیم سیاسی رہنماء ، علمی اور تاریخی شخصیت اور افغان تاریخ کے ایک عظیم مورخ ، مفکر ودانشور قرار دیتے ہوئے ان کے افغان غیور ملت کی ملی استقلال ، آزادی ، جمہوریت ، امن اور ترقی کی قومی تحریک میں رہنماء رول اور تاریخی قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جناب عبدالرحیم مندوخیل کی موت نہ صرف پشتونخواملی عوامی پارٹی بلکہ تمام افغان ملت کیلئے ناقابل تلافی ضیاع اور عظیم نقصان ہے ۔

(جاری ہے)

مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کی قربانیاں اور افکار لروبر افغان کیلئے مشعل را ہ ہے ۔عبدالرحیم مندوخیل نے تمام زندگی آزاد وجمہوری افغانستان کی ملی استقلال ، ملی وحدت کا مردانہ وار دفاع کیا اور محکوم افغان کی قومی واک واختیار اور جمہوری اقتدار کے قیام کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے۔ ان کی تاریخی تصانیف اور علمی افکار افغان ملت کیلئے ایک بہت بڑا سیاسی ، علمی ، ادبی اثاثہ ہے ۔

ان کی موت پرافغان حکومت اور تمام افغان عوام کو دلی صدمہ ہوا اور افغانستان کے تمام مراکز میں مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کی یاد میں تعزیتی ریفرنسز کا انعقاد ہوا ۔ جناب مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل جیسے عظیم سیاسی رہبر ، مفکر اور دانشور کی خلا مدتوں تک محسوس ہوگی لیکن ہم نے مرحوم کی پر افتخار تاریخی رول اور ان کے افکار کو مشعل راہ بناکر ان کی مشن کی تکمیل کیلئے مزید قربانیاں دینی ہوگی۔

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا ، پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال،، پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی مشیر عبید اللہ جان بابت ، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سید قادر آغا ایڈووکیٹ ، رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے ،فقیر خوشحال کاسی ، جناب عبدالرحیم خان مندوخیل کے فرزند ڈاکٹر بایزید ، انجینئر دائود خان اور ان کے بھتیجے ڈاکٹر سلطان محمود ، اسد خان ، کے علاوہ پارٹی کے ضلعی ایگزیکٹو کے اراکین وکارکن بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے افغان صدر کے نمائندہ وفد کے آنے اور عبدالرحیم خان مندوخیل کی وفات پر تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے جمہور رئیس ڈاکٹر اشرف غنی اور افغان حکومت اور افغان عوام نے عبدالرحیم مندوخیل کی موت پر اس غم میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی قیادت اور کارکنوں محکوم افغان عوام کے ساتھ برابر کی شرکت کی ۔

افغان سفارت کاروں نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت اور افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت تمام مراکز میں مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کی یاد میں تعزیتی ریفرنسز کا انعقاد کرکے ان کے تاریخی رول وقربانیوں پر زبردست خراج عقید ت پیش کیا ہے جس پر پشتونخوامیپ ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے شروع ہی سے آزاد اور جمہوری افغانستان کی ملی استقلال، آزادی اور خودمختیاری کی دفاع کو اپنا ملی اور دینی فریضہ قرار دیا ہے ۔

پشتونخوامیپ نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے وقت سے لیکراور پھر گزشتہ چار دہائیوں کے دوران پارٹی چیئرمین جناب محمود خان اچکزئی اور مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل جیسے پارٹی رہنمائوں اورکارکنوں نے افغانستان کی دفاع کی راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے ۔پارٹی نے ہر مرحلے میں افغانستان پر پاکستان کی سرزمین سے مسلط کردہ جارحیت ومداخلت کی جنگ اور افغانستان اور خطے پر عالمی دہشتگردی کی صورتحال کیخلاف صف اول کا کردار ادا کیا ہے ۔

پارٹی اس موقف پر سختی سے قائم ہے کہ جب تک یہاں سے افغانستان میں مداخلت اور جارحیت کی مسلط کردہ جنگ کا خاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک پاکستان کے اقوام وعوام دہشتگردی کی اس المناک صورتحال سے نجات نہیں پاسکتے ۔ پارٹی کو بجاء طور پر امید ہے کہ آزاد اور جمہوری افغانستان کی حکومت اور افغان عوام آزاد اور جمہوری افغانستان کی ملی استقلال ، امن وترقی کی دفاع کے ساتھ ساتھ پاکستان کے محکوم اور مظلوم عوام کے قومی جمہوری اقتدار اور خطے کی امن وترقی میں بھی اپنا مثبت کردار اد ا کرتے رہینگے ۔

متعلقہ عنوان :