کراچی کے جناح اسپتال اور این آئی سی ایچ میں دہشت گردی کا خدشہ، حساس اداروں کی نشاندہی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) حساس اداروں نے کراچی پولیس کو خط میں اطلاع دی ہے کہ جناح اسپتال اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال پر دہشت گردوں کے حملے کا خدشہ ہے،زرائع کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں دہشت گردوں کے حملے کا خدشہ ہے اور حساس اداروں نے سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

حساس اداروں کی جانب سے کراچی پولیس کو خط لکھ کر متنبہ کیا گیا ہے کہ القاعدہ برصغیر نے دونوں اسپتالوں کی ریکی کرلی ہے اور دہشت گرد کسی بھی وقت اسپتال کے ڈاکٹروں، عملے اور مریضوں کو یرغمال بنا سکتے ہیں جب کہ اسپتال میں موجود آکسیجن اور نیوکلیئر پلانٹس پر دھماکے کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی جا سکتی ہے،حساس اداروں کی اطلاع کے بعد پولیس اور رینجرز نے دونوں اسپتالوں میں سیکیورٹی سنبھال لی ہے اور نفری میں بھی کئی گنا اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اسپتال میں سرچ آپریشن بھی کیا اور مختلف پوائنٹس پر کمانڈوز کو تعینات کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور حفاظتی اقدامات بڑھا دیئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :