کراچی کی تعمیر و ترقی میں ہندو کمیونٹی نے اہم کردار ادا کیا، میئرکراچی

میئر کراچی کا یہاں آنا ہمارے لئے انتہائی مسرت کا باعث ہے جس سے ہماری دیوالی کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں،ہندوبرادری

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:55

کراچی کی تعمیر و ترقی میں ہندو کمیونٹی نے اہم کردار ادا کیا، میئرکراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں ہندو کمیونٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے، کراچی کی طرح ملک کے مختلف شہروں میں ہندو برادری کے لوگ بستے ہیں جو صرف پاکستانی ہیں، میئر کراچی کی حیثیت سے مختلف مذاہب اور عقائد سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مابین مذہبی رواداری ، بھائی چارگی ، اخوت و مساوات بڑھانا میرا فرض ہے جبکہ آئین پاکستان کے تحت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مکمل آزادی اور شہری حقوق حاصل ہیں،یہ بات انہوں نے سینٹ سترام ڈاہم(Sant Satram Dham )کراچی میں دیوالی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مکھی ہری لال، پنڈت شام لال شرما، سٹی کونسلرمحترمہ منگلا شرما، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ آج دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے لوگ خوشیاں منا رہے ہیں اور ہم ان کی خوشیوں میں شریک ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ یہ ملک ہر زبان، ہر نسل اور ہر مذہب کے لوگوں کے لئے بنا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے نمائندے بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی اورخوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ،قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر کی دیوالی تقریب میں آمد پر ہندو کمیونٹی کے لوگوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا،میئر کراچی نے ہندو برادری کو ان کے تہوار کے موقع پر مٹھائی پیش کی،ہندو کمیونٹی کے ارکان نے کہا کہ میئر کراچی کا یہاں آنا ہمارے لئے انتہائی مسرت کا باعث ہے جس سے ہماری دیوالی کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں، بحیثیت میئر ہماری خوشیوں میں ان کی شرکت سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ہمیں یہ احساس ہوا ہے کہ کراچی میں ہمیں مکمل اور مساوی شہری حقوق حاصل ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کے لوگ کراچی کی تعمیر و ترقی میں میئر کراچی کی کاوشوں میں ان کا ساتھ دیتے رہیں گے، سٹی کونسلر محترمہ منگلا شرما نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ہمیشہ ہندو برادری کو احترام دیا ہے اور ہندوئوں کے مذہبی تہواروں پر ہرممکن سہولیات فراہم کی ہیں جس کے لئے ہم میئر کراچی کے مشکور ہیں۔

متعلقہ عنوان :