پشاور،کوہاٹ پولیس نے غیرت کے نام پر بہن کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) کوہاٹ پولیس نے غیرت کے نام پر بہن کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔چھائونی پولیس نے سائنسی خطوط پر تفتیش کے پیشہ ورانہ طریقہ کار کے ذریعے 24گھنٹوں کے اندر قتل کی واردات میں ملوث ملزم کا کھوج لگا کر مقدمے میں نامزد کرلیا ہے۔ڈی ایس پی سٹی سرکل کوہاٹ رضا محمد خان نے پولیس کی کامیاب کاروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تھانہ سٹی کی حدود میں واقع بانڈہ ملوک شاہ میں ایک جوانسال دوشیزہ مسماة نازیہ بی بی دختر لائق خان کو گھر کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جسکی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال لائی گئی جہاں مقتولہ کے قتل کی واردات کا مقدمہ اسکی والدہ مسماة شرنگہ بی بی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتولہ کو اسکے بھائی مسمی میر عجب خان نے بدچلنی کے شبہ میں موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جوکہ واردات کے بعد روپوش ہوگیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ قتل کی اس واردات میں ملوث ملزم کی تلاش کیلئے ایس ایچ او تھانہ چھائونی انسپکٹر محمد علی کی سربراہی میں ایک کھوجی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کرائم ڈیٹا ریکارڈ کی جدید ٹیکنالوجی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے 24گھنٹوں کے اندر ملزم کا سراغ لگاکر چھاپہ مار کاروائی میں انہیں گرفتار کرلیا اور اسکے قبضے سے واردات میں استعمال ہونیوالا آلہ قتل پستول بمعہ کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لیا۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی ہمشیرہ کو بدچلنی کے شبہ میں فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار ا ہے ۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ قتل کی واردات میں ملوث ملزم کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے کل مقامی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ڈی ایس پی نے کہا کہ قتل کے اندوہناک واقعے میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری عمل میں لانے والی ٹیم کیلئے ڈی پی او کوہاٹ جاویداقبال نے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :