صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان کی صدارت میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد،وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے مجوزہ دورہ سکردو سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا ، شرکاء نے متفقہ طور پر بلتستان یونیورسٹی کی منظوری ، سکردو میں دو نئے اضلاع کا قیام بجٹ کا اضافے اور جگلوٹ سکردو روڈ کی منظوری پر وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:51

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) گلگت بلتستا ن حکومت کے سینئر صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان کی صدارت میں آل پارٹیز کانفرنس سکردو میں منعقد ہوئی ، جس میں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر حاجی فدا محمد ناشاد اراکین اسمبلی ، میجر (ر) محمد امین ، پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی عمران ندیم ، کاچو امتیاز حیدر خان ، رکن کونسل اشرف صدا ، وزیر اخلاق حسین سلطان علی خان ، سید عباس رضوی ، انجمن تاجران سکردو کے صدر غلا م حسین اطہر ، انجمن امامیہ کے جنرل سیکرٹری محمد حسن حسرت ، آل پاکستان مسلم لیگ کے آرگنائزر حاجی منظور یولتر ، پیپلزپارٹی رہنماء و غلام شہزاد آغا کے علاوہ سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی ، اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے چند روزمجوزہ دورہ سکردو سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا ، شرکاء اجلاس نے متفقہ طور پر بلتستان یونیورسٹی کی منظوری ، سکردو میں دو نئے اضلاع کا قیام بجٹ کا اضافے اور جگلوٹ سکردو روڈ کی منظوری پر وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ، جس کی روشنی تمام جماعتوں کے عہدہ دران کارکن اور عوام مل کر وزیر اعظم کا استقبال کریں گے ، وزیر اعظم کے سکردو میں ہونے والے جلسے میں سب بھر پور اندا ز میں شرکت کرینگے ، اراکین کونسل گلگت بلتستان کی یقین دہانی پر ٹیکس کے معاملے کو کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم کے سامنے بھر پور انداز میں اُٹھایا جائے گا انجمن تاجران ٹیکس کے نفاز کے خلاف اپنے احتجاج کو وزیر اعظم کے دورہ سکردو تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ، اجلاس کے دوران اراکین کونسل نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ ٹیکس کے نفاز کے معاملے پر وہ وزیر اعظم سے لازمی بات کریں گے اور تاجر برادری کے خدشات ان کے سامنے رکھیں گے ، کانفرنس میں شرکا ء نے وزیر اعظم کے سامنے پیش کیے جانے والے مطالبات کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنی اپنی تجاویزسے آگاہ اور ترجہی بنیادوں پر گلگت بلتستان کو ملک کو آئینی صوبہ بنانے اور گلگت بلتستان میں ٹیکسز کے نفاز کو آئینی حقوق کے ساتھ مشروط کرنے پر اتفاق کیا ،شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کوان کی زمینوں کے مالکانہ حقوق دیے جائیں اور ساتھ ہی اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بجلی کی نئے منصوبے شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے ، وزیر اعظم کے سامنے بجلی کے نئے منصوبوں ، اور ساتھ ہی زمینوں کے مالکانہ حقوق کے حوالے سے بات کی جائے گی ، آل پارٹیزز کانفرنس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کرگل لداخ روڈ کھولا جائے ، متحد ہ مجلس وحدت المسلیمن اور پاکستان تحریک انصاف نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کی ۔