جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وکلا ء کو درپیش پانی کا مسئلہ حل کر دیا

باہمی بات چیت ،مشاورت سے درپیش مسائل کے حل ،عدالتی نظام کی بہتر ی کیساتھ عدالتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے ، سینئر جج لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) سینئر جج لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وکلا ء کو درپیش پانی کا مسئلہ حل کر دیا ۔ بار ایسوسی ایشن کے ٹیوب ویل میں زیر زمین پانی کی سطح کم ہونے کے بعد مذکورہ ٹیوب ویل سے پانی کی سپلائی معطل ہوگئی تھی جس کے باعث وکلا ء کو پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا ۔

وکلا ء نمائندوں کی نشاندہی اور درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے سنیئر جج جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے لاہور ہائی کورٹ بینچ کے احاطے میں جوڈیشل سٹاف کے لیے نصب ٹیوب ویل سے بارایسوسی ایشن کے لیے پانی کے کنکشن کی منظوری دے کر پانی کی قلت کا مسئلہ حل کر دیا ۔ہائی کورٹ راولپنڈی ایسو سی ایشن بار کے صدر ظفر مغل اور سابق سیکرٹری فیصل بٹ نے ہائی کورٹ راولپنڈی کے سنیئر جج جسٹس محمد فرخ عرفان سے ملاقات میں بار کے لیے پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ پانی کی فراہمی سے وکلاء سمیت مقدمات کے سلسلے میں عدلتوں میں حاضر ہونے والے افراد کو بھی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے اس موقع پربار ایسوسی ایشن کے صد ر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باہمی بات چیت اور مشاورت سے درپیش مسائل کے حل اور عدالتی نظام کی بہتر ی کے ساتھ ساتھ عدالتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بار اور بینچ کے باہمی تعاون سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کے وژن اور ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے جہاں مقدمات کی سماعت میں تیزی لائی جارہی ہے وہاں وکلاء کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ فوری انصاف کی فراہمی کے مقاصد حاصل ہو سکیں اور حصول انصاف کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے والوں کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔