سینیٹر فرحت اللہ بابر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع سے مستعفی

کچھ وجوہات کی بنا پر اب دفاع کمیٹی کا ممبر نہیں ہوں ،ْ فرحت اللہ بابر فرحت اللہ بابر کے مستعفی ہونے کے بعد فاروق ایچ نائیک کو کمیٹی کا رکن مقرر کردیا گیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق فرحت اللہ بابر نے استعفے کی کوئی ٹھوس وجہ نہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ وجوہات کی بنا پر اب دفاع کمیٹی کا ممبر نہیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاع جی ایچ کیوگئی تب میں اجلاس میں نہیں تھا، اگر میں دفاع کمیٹی کا رکن ہوتا تب بھی جی ایچ کیو نہ جاتا۔

(جاری ہے)

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ میں نے کہا تھا جی ایچ کیو والے پارلیمان میں آکر بریفنگ دیں ،ْجب 2003 میں سینیٹرتھا تب بھی کہا تھا کہ پارلیمان کوجی ایچ کیونہیں جانا چاہیے، تو اس وقت انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات ہیں، ہم بریفنگ کا مواد دکھانا چاہتے ہیں جس پر میں نے کہا تھا جی ایچ کیو کا مواد 15 کلومیٹر کے فاصلے پر لانا کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق فرحت اللہ بابر کے مستعفی ہونے کے بعد اب فاروق ایچ نائیک کو کمیٹی کا رکن مقرر کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :