ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی امن وامان کے حالات میں بہتری اور معاشی سرگرمیوں پر اس کے مثبت اثرات کی تعریف

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:41

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے ملک میں بحال ہوتی معاشی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے سکیورٹی کی بہتر صورت حال کے اثرات کی تعریف کی ہے جس کا اہم سبب آپریشن ضرب عضب اور جاری آپریشن ردالفساد ہیں، بڑے شہروں میں خردہ فروخت میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ سرمایہ کار اور اعتمادِ صارف کے سروے بھی مثبت نتائج کے عکاس ہیں۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ایئرکموڈور عامر بشیر کی قیادت میں اسٹیٹ بینک کا دورہ کرنے والے نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس 2018ء کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ وفد پاکستان کی مسلح افواج کے افسران، گریڈ 20 کے سی ایس ایس افسران اور دوست ممالک کے سینئر فوجی افسران سمیت 200 سے زائد افسروں پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

جمیل احمد نے مزید کہا کہ ان کے اسٹیٹ بینک کے مطالعاتی دورے سے انہیں پاکستان کے مرکزی بینک کے کام کے بارے میں آگاہی اور زری پالیسی کے مسائل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی گورنر کے کلیدی خطاب میں کئی موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ ایک ترقی پذیر ملک کا مرکزی بینک ہونے کی حیثیت سے اسٹیٹ بینک نے خود کو ایک اہم ترقیاتی کردار تفویض کیا ہوا ہے، ملک کے معاشرتی و معاشی اظہاریوں اور مالی شمولیت کی پست سطح کے پیش نظر اسٹیٹ بینک معیشت کے پسماندہ شعبوں مثلاً کاشت کاروں، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں نیز ان کلائنٹس کو جو عقیدے کے معاملے میں حساس ہیں اور جو روایتی اداروں کے ساتھ لین دین نہیں چاہتے، کو قرضوں کی فراہمی کو فروغ دیتا رہا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے اکنامک پالیسی ریویو ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر فاروق ثاقب نے اسٹیٹ بینک کے فرائض اور مانیٹری پالیسی کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے ایس بی پی کے وظائف بیان کرنے کے علاوہ مانیٹری پالیسی اور موجودہ اقتصادی صورتحال اور پالیسی چیلنجوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے حاضرین کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ یاد رہے کہ نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس کے ایک وفد نے نومبر 2016ء میں بھی اسٹیٹ بینک کا دورہ کیا تھا۔ آخر میں، ایئر کموڈور عامر بشیر نے کورس کے شرکا کو اہم باتیں سیکھنے کا موقع دینے پر ڈپٹی گورنر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :