اہم شعبوں میں تیزرفتار اور دور رس ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں ‘حمزہ شہباز

سسٹم کو بہتر بنانے کی گنجائش ہر وقت موجود ہوتی ہے لیکن موجودہ حکومت درست سمت میںکام کررہی ہے ‘گفتگو

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:41

اہم شعبوں میں تیزرفتار اور دور رس ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) برطانوی ترقیاتی ادارے ’’ڈیفڈ‘‘کی ڈائریکٹر اور صوبہ پنجاب کے لئے نمائندہ رتھ گراھم نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات کی پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میںہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امورپر گفتگو کے علاوہ صوبہ پنجاب میںبرطانیہ کے تعاون سے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری میگا منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا ۔

ایم این اے حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اہم شعبوں میں تیز رفتار اور دور رس ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور انفراسٹکچر کی بہتری کے لئے نمایاں کام کیا گیا ہے۔انہو ں کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر میں ریفارمز لانے کے لئے ذاتی دلچسپی لے کر کام کیاہے اور صوبہ بھر میںیکساں ترقی کے ماڈل کو اپنانے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہاکہ سسٹم کو بہتر بنانے کی گنجائش ہر وقت موجود ہوتی ہے لیکن موجودہ حکومت درست سمت میںکام کررہی ہے جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں ۔انہوں نے بلخصوص پنجاب میں سکلز ڈویلپمنٹ اور فنی تربیت کے شعبے میں برطانوی ادارے "ڈیفڈ"کی طرف سے فراہم کئے جانے والے تعاون کو سراہا اور اس سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا ۔

حمزہ شہباز نے کہاکہ ہیومن ریسورس اہم ترین شعبہ ہے جس پر ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ترجیحات بہت واضح ہیں اور انشاء اللہ 2018تک لوڈشیڈنگ سمیت اہم قومی مسائل حل کرلئے جائیں گے۔اپنی گفتگو میں "ڈیفڈ "کی ڈائر یکٹر رتھ گراھم نے اپنے ادارے کی طرف سے مختلف شعبوں میں فراہم کئے جانے والے تعاون اور منصوبوں کے بارے میںبتایا ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت بلخصوص وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کا ویثرن انتہائی واضح ہے اور مشترکہ منصوبوں کے اہداف بر وقت حاصل ہورہے ہیں ۔انہوں نے آئندہ بھی اپنے ادارے کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایااور مختلف دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔