فیصل آباد،صوبائی وزیر قانون کی طرف سے قادیانیوں کو مسلمان قرار دیئے جانے کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی مارچ

عقیدہ ختم بنوت پر ہرزہ سرائی کرنے والوں کو دنیا میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،ڈاکٹر فریداحمد پراچہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 20:12

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر قانون کی طرف سے قادیانیوں کو مسلمان قرار دیئے جانے اور عقیدہ ختم نبوت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مرکزی نائب امیرڈاکٹرفریداحمد پراچہ،ضلعی امیر سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ،سابق ایم پی اے ملک محمد دین،میاں عبدالکریم اور دیگر کی قیادت میں چنیوٹ بازار سے گھنٹہ گھر تک احتجاجی مارچ کیا۔

مارچ کے اختتام پر گھنٹہ گھر چوک میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فریداحمد پراچہ نے کہا کہ عقیدہ ختم بنوت پر پوری امت مسلمہ یکسو ہے،عقیدہ ختم بنوت پر ہرزہ سرائی کرنے والوں کو دنیا میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،حکمران اگر واقعی مخلص ہیں تو پانچ دن کے اندر اس مسئلہ پر بنائی جانے والی کمیٹی کی رپورٹ کو پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے پیش کی جائے اورجن لوگوں نے حلف نامہ میں چھیڑچھاڑکرنے کی ناپاک جسارت کی ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے بیس کروڑ عاشقان رسول کی غیرت کو للکارا ہے،عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے جس پر کبھی بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، رانا ثناء اللہ کو فوری طور پروزارت قانون سے برطرف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے،بیس کروڑ مسلمان اپنی جانیں قربان کر دیں مگر ناموس رسالت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ قادیانیوں کو کافر قرار دے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر پاکستان کے اسلامی تشخص کو سیکولرازم میں بدلنا چاہتے ہیں۔ اسلامی عقائد کو چھیڑنے کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے،اس سے قبل بھی حکومت نے قادیانیوں کو مسلمانوں کی صفوں میں شامل کرنے کی بہت گہری سازش کی تھی اور حلف کو اقرار نامہ کے شو گر کوٹڈ لفظ سے بد ل کر اس کی آئینی حیثیت ختم کر دی تھی لیکن قوم اور میڈیا کی بیداری کی وجہ سے حکومت کی یہ سازش ناکام ہوئی ۔ قوم اپنے حقوق ، نظریاتی و دینی شناخت کے حوالے سے بیدار رہے پاکستان کو اس کے اسلامی تشخص سے محروم کر نے کی ہر حکومتی سازش ناکام بنا دیں گے ۔