سینیٹ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط واستحقاق کا اجلاس، دو استحقاق کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) ء سینیٹ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط واستحقاق کا اجلاس سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائو س میں منعقد ہوا۔ کمیٹی اجلاس میں دو استحقاق کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ سیکرٹری سول ایوی ایشن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے کمیٹی کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئرو میڈیکل بورڈ کے میکنزم کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ہر پائلٹ کالوکل سطح پر 6 ماہ بعد میڈیکل کرایا جاتا ہے اور ایئرو میڈیکل بورڈ سے ہر دوسال بعد میڈیکل کرایا جاتا ہے ۔ میڈیکل بورڈ چار ممبران پر مشتمل ہوتا ہے ممبران دوسال کیلئے منتخب ہوتے ہیں ایئر لائنز کے ڈاکٹرز بھی اس بورڈ سے مدد حاصل کر سکتے ہیں اگر کوئی متنازع رپورٹ ہوتو سپیشل میڈیکل بورڈمعاملے کا جائزہ لیتا ہے جس پر سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ یہ انتہائی اہم ایشو ہے متعلقہ حکام کی دی گئی بریفنگ پر اطمینان ہے جس پر کمیٹی نے معاملہ ختم کر دیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وزارت خزانہ اور نیشنل بنک آف پاکستان کی طرف سے چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی رولنگ پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے گزشتہ اجلاسوں میں تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رپورٹ تیار کر لی گئی ہے ۔ اراکین کمیٹی کی منظوری سے کمیٹی نے رپورٹ اختیار کر لی جسے ایوان بالاء کے اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔ کمیٹی نے یہ معاملہ بھی ختم کر دیا ۔ کمیٹی اجلاس میں فرحت اللہ بابر، سلیم ضیاء، عطاالرحمن ، نگہت مرزا کے علاوہ سیکرٹری سول ایوی ایشن ڈویژن ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :