پولیس نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا ، تلاشی کے دوران خود کار ہتھیاروں سے بھرا ٹرک برآمد ،سمگلر نیٹ ورک کے 2ارکان گرفتار

اسلحہ میں 110کلوشنکوفیں،94 مختلف بور کے پستول اور مختلف ہتھیاروں کے 184عدد چارجرز شامل ہیں

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:53

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) کوہاٹ پولیس نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔انڈس ہائی وے پر ٹنل کے قریب چیک پوسٹ میں تلاشی کے دوران خود کار ہتھیاروں سے بھرا ٹرک پکڑ کر اسلحہ سمگلر نیٹ ورک کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے،پکڑا جانیوالا اسلحہ قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے تخریبکاری کی غرض سے وانا وزیرستان سمگل کیا جارہا تھا،سمگل ہونیوالے دیسی ساخت کے مہلک ہتھیاروں میںسینکڑوں کی تعداد میں سیمی آٹو میٹک مشین گنیں ،مختلف بور کے پستول اور چارجرز شامل ہیں،ڈی ایس پی صدر سرکل کوہاٹ ظاہر شاہ نے پولیس کی اس اہم کاروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال کی طرف سے حکومتی رٹ کے خلاف برسر پیکار مشتبہ دہشتگردوں اورجرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری رکھنے اور ایسے عناصر کو سختی سے کچل کر قانون کی گرفت میں لانے کی واضح ہدایات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلعی پولیس دن رات آپریشنل کاروائیوں میں مصروف عمل ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی نے کہا کہ کاروائیوں کے اس تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے ہیڈ کانسٹیبل رفیع اللہ اور دیگرپولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس اثناء میں ایک مشکوک ٹرک نمبر GLT-3528کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا جسکے خفیہ خانوں سے خود کار ہتھیاروں کی بھاری کھیپ برآمد کرکے ٹرک میں سوار اسلحہ سمگلر نیٹ ورک کے دو مبینہ دہشتگردوں جمال خان ولد اول خان سکنہ پشاور اور سرتاج خان ولد شال ضمیر سکنہ باڑا خیبر ایجنسی کو اسلحہ سے بھرے ٹرک سمیت حراست میں لے لیاگیا۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ پکڑے گئے دیسی ساخت کے خود کار اسلحہ میں 110کلوشنکوفیں،94عدد مختلف بور کے پستول اور مختلف قسم کے ہتھیاروں کے 184عدد چارجرز شامل ہیں۔ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ اسلحہ سے بھرے ٹرک سمیت گرفتار دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جنہوں نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اسلحہ کوہاٹ کے نیم قبائلی علاقہ درہ آدم سے شورش زدہ علاقہ غیر وانا وزیرستان سمگل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے انتہائی مہلک ہتھیار دہشتگردی کے کسی ہولناک منصوبے کیلئے سمگل کئے جارہے تھے کیونکہ ان ہتھیاروں کا شدت پسندوں کی طرف سے ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردانہ حملوں میں استعمال خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ڈی ایس پی نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں خود کار ہتھیاروں کی سمگلنگ روک کر تباہی پھیلانے کے خطرناک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے پہلے ناکام بنانے کی کاروائی کو بہت ہی اہم کامیابی قرار دیکر ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال نے آپریشنل کاروائی میںحصہ لینے والی پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ہتھیار بھرے ٹرک سمیت گرفتار ملزمان کو مزید معلومات کیلئے تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے اسلحہ سمگلنگ کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر پوچھ گچھ جاری ہے اور ان سے اس بارے میں مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :