تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے پٹیشن دائر کر دی

مسلم لیگ نواز نے برطانیہ میں ایک کاروبار کمپنی رجسٹر کروا رکھی ہے ،اسے نا اہل وزیر اعظم منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کرتے ہیں ،یہ کمپنی کسی بھی حکومت کے ساتھ کاروباری معاہدہ کر سکتی ہے، مسلم لیگ نواز پاکستان سے لوٹی ہوئی رقم ہنڈی کے ذریعے برطانیہ بھجواتی ہے، تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرخ حبیب کا درخواست میں موقف

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرخ حبیب کی جانب سے الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کیخلاف فارن فنڈنگ کے حوالے سے پٹیشن دائر کر دی گئی۔پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ نواز نے برطانیہ میں ایک کاروبار کمپنی رجسٹر کروا رکھی ہے جسے نا اہل وزیر اعظم منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کرتے ہیں اور یہ کمپنی کسی بھی حکومت کے ساتھ کاروباری معاہدہ کر سکتی ہے مسلم لیگ نواز پاکستان سے لوٹی ہوئی رقم ہنڈی کے ذریعے برطانیہ بھجواتی ہے اور پھر اسے پارٹی فنڈ ظاہر کر کے واپس پاکستان لے آتی ہے اور اس پارٹی فنڈ کاکوئی ریکارڈ موجود نہیں۔

منی لانڈرنگ کا ایک ثبوت جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے مسلم لیگ نواز کو دس کروڑ روپے پارٹی فنڈ دیااور پھر ساڑھے چار کروڑ واپس نواز شریف کے اکا نٹ میں منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

جبکہ مسلم لیگ نواز کے گوشواروں میں اس آمدن کے ذرائع اور بینکنگ چینلز کا کوئی ذکر تک موجود نہیں۔ اسی طرح میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ نواز نے 2013کے الیکشن میں ایک ارب تیس کروڑ کے فنڈ استعمال کیے اور ان اخراجات کی کوئی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی۔

جو کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اسی طرح سال 2013سے 2015تک چودہ کروڑ چھیاسی لاکھ ، ایک کروڑ گیا رہ لاکھ کی آمدن مسلم لیگ نواز نے اپنے گوشواروں میں ظاہر کی جو کہ متفرق ذرائع سے حاصل کی گئی جبکہ الیکشن کمیشن کے قانون کے مطابق حاصل کیے گے فنڈز کے ذرائع بتانا لازمی ہے۔اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے امریکہ میں ایک کمپنی USA LLCکے نام سے رجسٹر کروا رکھی ہے اور پیپلز پارٹی بھی اسی کمپنی کے ذریعے فارن فنڈنگ وصول کرتی ہے۔

الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق کوئی بھی سیاسی پارٹی کسی دوسرے ملک یا غیر ملکی باشندہ سے فنڈز وصول نہیں کر سکتے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی نے الیکشن قوانین کی سراسر خلاف ورزی کی ہے۔ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق تمام سیاسی پارٹیاں اپنی آمدنی اور اخراجات ظاہر کرنے کے پا بند ہے جو کہ پارٹی لیڈر کی جانب سے تصدیق شدہ ہونی چاہیے۔ 2013میں پاکستان مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی نے جو گوشوارے جمع کروائے اس کے مطابق نہ نواز شریف نے اپنے پارٹی اثاثوں کے گوشواروں کی تصدیق کی اور نہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کسی نے تصدیق کی۔ جو کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے خلاف ہے۔