سعد رفیق کا ریاض پیرزادہ کو ٹیلیفون، مشکل صورتحال میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے اورمحتاط بیان بازی کی استدعا

تحفظات کے باوجود نوازشریف کو اپنا لیڈر سمجھتا ہوں، میری رائے کو میڈیا نے غلط رنگ دیا، وزیر بین الصوبائی رابطہ ر یاض پیرزادہ نے آئی بی کی مبینہ فہرست کا معاملہ بھی سعد رفیق کے سامنے اٹھایا،اس پر بتایا گیا کہ وہ جعلی ہے ، وزیراعظم اس حوالے سے ایوان میں بیان ،آئی بی چیف تردید کر چکے ، ذرائع ریاض پیرزادہ بھائی لیکن کبھی کبھی جذباتی ہو جاتے ہیں، مخالفین کی(ن) لیگ کو تقسیم کرنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،وزیرریلوے

جمعہ 20 اکتوبر 2017 20:07

سعد رفیق کا ریاض پیرزادہ کو ٹیلیفون، مشکل صورتحال میں صبر وتحمل کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا ہے اور ان سے استدعا کی ہے کہ مشکل صورتحال میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اور بیان بازی میں احتیاط سے کام لیا جائے۔ذرائع کے مطابق جمعہ کو خواجہ سعد رفیق نے ریاض پیرزادہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ان کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی۔

ریاض پیرزادہ نے کہا کہ تحفظات کے باوجود وہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپنا لیڈر سمجھتے ہیں اور انہوں نے جو رائے دی اسے میڈیا میں غلط رنگ دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض پیرزادہ نے انٹیلی جنس بیورو کی ایک مبینہ فہرست کا معاملہ بھی سعد رفیق کے سامنے اٹھایا جس پر انہیں بتایا گیا کہ آئی بی کی ارکان اسمبلی سے متعلق فہرست جعلی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم نہ صرف ایوان میں بیان دے چکے ہیں بلکہ آئی بی چیف بھی اس کی تردید کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے اس سے قبل بھی جب ڈی جی سپورٹس بورڈ کے معطل کئے جانے پر ریاض پیرزادہ نے استعفیٰ دیا تھا اس وقت بھی ثالثی کا کردارادا کیا تھا اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ریاض پیرزادہ کی ملاقات کرا کے معاملات حل کرادیے تھے جس کے بعد ڈی جی سپورٹس بورڈ کو عہدے پر بحال کردیا گیا تھا۔ دریں اثنائ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ریاض پیرزادہ بھائی ہیں لیکن کبھی کبھی جذباتی ہو جاتے ہیں ،(ن) لیگ میں تقسیم کی مخالفین کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔