ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور فلسفہ ہی پارٹی کا منشور ہے، روٹی، کپڑا اور مکان پیپلزپارٹی کی ترجیح ہے اور رہے گی‘ آصف زرداری

جن کو غریب عوام کی خوشحالی پسند نہیں انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خلاف نوجوانوں کو روزگار دینے کے ریفرنس بنائے سابق صدر مملکت کا بلاول ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی کے منشور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب ،کمیٹی میں شامل اراکین نے اپنی تجاویز پیش کیں منشور بنانے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے ،منشور کی حتمی منظوری بلاول بھٹو دیں گے ،روٹی کپڑا اور مکان منشور کی بنیاد ہو گا‘ سلیم مانڈی والا ملک میں بہت سی تبدیلیاں ہو رہی ہیں اس کے مطابق منشور بنے گا ،نیب اور اداروں کی بہتری کیلئے قانون سازی بھی کرینگے‘ چیئرمین منشور کمیٹی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:43

ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور فلسفہ ہی پارٹی کا منشور ہے، روٹی، کپڑا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان انسان کی بنیادی ضروریات ہیں اس لئے پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجیح رہی ہے کہ عوام کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کئے جائیں،شہید قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور فلسفہ ہی پارٹی کا منشور ہے، قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو نے پہلی مرتبہ ملک کے ہر شہری کو پاسپورٹ بنانے کا حق دیا،۔

آج لاکھوں پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں، وہ خوشحال ہیں اور پاکستان کو زرمبادلہ بھیج کر ملک کی معیشت کر مضبوط کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی کے منشور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سید نیئر حسین بخاری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمن، میاں منظور وٹو، چوہدری لطیف اکبر، امجد حسین، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، صابر بلوچ، اخونزادہ چٹان، نثار احمد کھوڑو اور سید نوید قمر نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی میں شامل اراکین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید جب اقتدار میں آئیں تو انہوں نے لاکھوں نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کیں اور ان ملازمین کو بھی بحال کیا جن کو ضیا آمریت کے دوران برطرف کیا گیا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جن کو غریب عوام کی خوشحالی پسند نہیں انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خلاف نوجوانوں کو روزگار دینے کے ریفرنس بنائے۔

عوام دشمنوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حکومت کو برطرف کرنے کے بعد بے شمار سرکاری ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا مگر جب پاکستان پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آئی تو نہ صرف روزگار کے نئے وسائل پیدا کئے لاکھوں نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کیں اور ان ملازمین کو معاوضے کے ساتھ بحال کیا جن کو نواز شریف کے دور میں ملازمتوں سے فارغ کیا گیا تھا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ تعلیم، صحت اور امن پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح ہے،پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور انقلابی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ اور فلسفے کے عین مطابق ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔ ایسا ملک جہاں انصاف اور ایسی ریاست جہاں عوام کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا مکمل حق حاصل ہو۔قبل ازیں چیئرمین منشور کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈی والا نے کہا کہ منشور بنانے میں تیزی سے جاری ہے ،منشور کی حتمی منظوری بلاول بھٹو دیں گے ،روٹی کپڑا اور مکان منشور کی بنیاد ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں بہت سی تبدیلیاں ہو رہی ہیں اس کے مطابق منشور بنے گا ،نیب اور اداروں کی بہتری کے لئے قانون سازی بھی کریں گے ۔