میونسپل کارپوریشن سرگودھا کی ہفتہ صفائی چیئر منوں اور کونسلروں کے گھروں تک محدود کردی گئی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:35

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) میونسپل کارپوریشن سرگودھا کی ہفتہ صفائی چیئر منوں اور کونسلروں کے گھروں تک محدود کردی گئی جس کے باعث یہ مہم بھی ناکام ہوگئی۔ شہریوںکاالزام ہے کہ عملہ صفائی محض عوامی نمائندوں کے گھروں اور ڈیروں تک محدودہوگئے جس سے شہر بھر میں صحت و صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق میئر سرگودھا ملک نوید اسلم نے چار روز قبل شہر بھر میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کیا تھاا مگر اس دوران عملہ صفائی کو یو سی چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں اور کونسلروں کے گھروں اور ڈیروں تک محدود کردیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے شہر کی وسطی اور نشیبی آبادیوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔ سیوریج کا نظام درہم برہم ہونے سے گندا پانی جگہ جگہ جوہڑ بن گیا۔

(جاری ہے)

شہریوں نے الزام لگایا کہ پہلے کبھی کبھی عملہ صفائی ان کے علاقہ کی صفائی کیلئے آجاتا مگر جب سے میئر سرگودھا نے ہفتہ صفائی منانے کا آغاز کیا ہے عملہ صفائی کہیں نظر نہیں آتا۔ تاہم یوسی چیئرمینوں اور کونسلروں کے گھروں اور ڈھیروں پر صفائی کی جارہی ہے۔ علاقہ کے مکینوں کو مزید مسائل کی دلدل میں پھینک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسے ہفتہ صفائی کی بجائے ہفتہ بربادی کا نام دیا جائے۔ شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔