پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹی ٹونٹی میچ کیلئے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو بہترین شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی‘عبداللہ خان سنبل

ایمرجنسی اور ریسکیو کے سلسلے میں میڈیکل کور کے لیے ہاکی اسٹیڈیم میں 20 بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم کیا جائے گا ‘کمشنر لاہور ڈویژن

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:21

پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹی ٹونٹی میچ کیلئے اسٹیڈیم میں موجود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) 29اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے مابین قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ کے لیے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو بہترین شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین T20 سیریز کے آخری بڑے میچ کے سلسلے میں انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید، ڈی جی پروٹوکول، ایس پی سیکورٹی، ایس پی ٹریفک و پی ایچ اے، لاہور پارکنگ کمپنی، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن لاہور، لیسکو، واسا، پی سی بی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پانی و بجلی کی بلاتعطل فراہمی، پارکنگ، قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں مرمت و بحالی کے کاموں کی بہترین سرانجام دہی، ہارٹیکلچر، سڑکوں کی تزئین و آرائش، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے لیے انتظامات کو ابھی سے حتمی شکل دی جانے لگی ہے۔

ایمرجنسی اور ریسکیو کے سلسلے میں میڈیکل کور کے لیے ہاکی اسٹیڈیم میں 20 بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم کیا جائے گا جبکہ ایک چھوٹا یونٹ ٹیموں کے ٹھہرنے کی جگہ نجی ہوٹل میں کام کرے گا۔ ایک کارڈیک ایمبولنس اسٹیڈیم کے اندر اور 21ایمبولنسز اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود ہوں گی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام کو مزید جامع بنایا جائے گا۔ تمام شہری سہولیات، حفاظتی اقدامات اور ایمرجنسی و ریسکیو کو مانیٹر کرنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں پنجاب سپورٹس بورڈ میں مرکزی کنٹرول روم قائم ہوگا۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کو چار مختلف اطراف میں بہت بڑی پارکنگ مہیا کی جائے گی۔ فل ڈریس ریہرسل 26اکتوبر کو ہوگی۔