کراچی،50 روزہ مشن ردالمنشیات اسپورٹس فیسٹیول اپنی مثال آپ ہے۔ عارف بلوچ

مشن کے سلسلے کی تیسری سائیکل ریس 22 اکتوبر کو کورنگی میں ہو گی۔ کلیم اعوان

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) حکومت پاکستان کی منشیات کے خلاف کوششوں اور پروگراموں کو فروغ دینے کیلئے اور عوام میں منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کیلئے گذشتہ ماہ سے جاری 50 روزہ مشن ردالمنشیات اسپورٹس فیسٹیول کے مقابلے کوارٹر فائنل سے نکل کر سیمی فائنل میں پہنچ رہے ہیں۔ سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمد عارف بلوچ نے مشن کو اپنی جدت اور جوش و ولولے ، حب الوطنی اور ہمت و لگن کے لحاظ سے اپنی مثال آپ قرار دیا ہے۔

انہوںنے مشن کے چیف آرگنائزر اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کلیم اعوان ایک روشن مثال قائم کررہے ہیں۔ دریں اثناء کلیم اعوان نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ کراچی کے چاروں زونز کے کوآرڈینٹر انتھک محنت کرکے اس مشن کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات ایک کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید بتایاکہ اونٹ ریس ،گدھا گاڑی ریس اور ہارس ریس کی سلیکشن کے لئے کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل ہوچکے ہیں اور آئندہ ماہ ان کے مقابلے سی ویو پرمنعقد ہوں گے۔ کلیم اعوان نے بتایاکہ مشن کے سلسلے کی تیسری سائیکل ریس اتوار 22 اکتوبر کو کورنگی انڈسٹریل ایریا کی مرتضیٰ چورنگی سے شروع ہوگی اور لانڈھی نمبر 4 جاکر واپس مرتضیٰ چورنگی سے ہوتی ہوئی سنگر چورنگی جائے گی اور واپس مرتضیٰ چورنگی پہنچ کر ختم ہو گی۔

متعلقہ عنوان :