گورنر پنجاب سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی لاہور میں ملاقات

جب تک کیپٹن حسنین نواز جیسے سپوت مادرِ وطن کی گود میں پل رہے ہیں اس وقت تک دشمن کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میںکامیاب نہیں ہو سکتا‘ملک رفیق رجوانہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:09

گورنر پنجاب سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی لاہور میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے حال ہی میں نئے تعینات ہونے والے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض (ہلالِ امتیاز ملٹری) نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میںاہم ملکی امور ، صوبے میں امن و امان اور دہشتگردی سمیت مختلف ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہامضبوط جمہوریت اورپائیداراًمن موثر سسٹم کا حُسن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل،اداروں کے استحکام اور آئین و قانون کی بالادستی پرہم سب نہ صرف ایک نقطہ نظر پر قائم ہیں بلکہ ایک پیج پر کھڑے ہیں-گورنر پنجاب نے کہا کہ مادرِ وطن کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، ملک کی سلامتی اور ناموس کے لیے پوری قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا فخر بلاشبہ وہ جوان ہیں جو ملک کی حفاظت اور آن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کیپٹن حسنین نواز جیسے سپوت مادرِ وطن کی گود میں پل رہے ہیں اس وقت تک دشمن کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میںکامیاب نہیں ہو سکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اقوام عالم کو چاہئے کہ وہ دہشتگردی کی عالمی جنگ میں پاکستانیوں کی قربانیوں کا دل کھول کر اعتراف کرے اور اس بات کو تسلیم کرے کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ صرف پاکستان کے امن کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے لڑی جارہی ہے اور ایسی جنگ انتہائی مشکل ترین ہوتی ہے جس میں دشمن بے چہرہ ہو۔

اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض (ہلالِ امتیاز ملٹری) نے کہا کہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہ صرف سمجھتی ہے بلکہ اسے احسن طریقے سے نبھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کا تحفظ اور اندرونی امن ہماری اولین ترجیح ہے۔