عوامی مسائل بڑھ گئے ہیں ،حکومت کے کر نے کے کام عوام کر رہے ہیں ،حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی اور عوام کی اپنی مدد آپ کے تحت شانتی نگر میں بنائی گئی سیوریج لائین کا افتتاح اور خطاب

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:05

عوامی مسائل بڑھ گئے ہیں ،حکومت کے کر نے کے کام عوام کر رہے ہیں ،حافظ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیہ کراچی اور صوبائی حکومت کی نا اہلی اور غیر سنجیدگی نے کراچی کے عوام کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے جو کام حکومت اور صوبائی اداروں کے کر نے کے ہیں وہ عوام کر رہے ہیں ۔جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی اور اہلِ محلہ کے تعاون و کوششوں اور اپنی مدد آپ کے تحت شانتی نگر نیشنل سیمنٹ سوسائٹی میں سیوریج لائین کی تعمیر خوش آئندہ اور حوصلہ افزاء ہے ۔

جماعت اسلامی عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال بلاک 10یوسی 23(شانتی نگر) کے علاقے نیشنل سیمنٹ سوسائٹی چھاچھی چوک پر 12انچ قطر کی تقریباً 500فٹ سیوریج لائین کے افتتاح کے مو قع پر اہلِ محلہ ،معززین علاقہ اور جما عت اسلامی کے کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سیوریج لائین جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی اور اہلِ محلہ کے تعاون اور کوششوں سے اپنی مدد آپ کے تحت بچھائی گئی ہے ۔

سیوریج لائین کی خرابی سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواریوں اور پریشانی کا سامنا تھا ۔4انچ کی سیوریج لائین جگہ جگہ سے بند ہو گئی تھی جسے تبدیل کر کے 12انچ کی لائین بچھائی گئی ہے ۔جس کے بعد علاقے کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران اور اہل ِ محلہ کو یہ کام سر انجام دینے پر مبارکباد دی اور عوام کو دعوت دی کہ وہ جماعت اسلامی کے ساتھ آئیں اور ہمارے شانہ بشانہ چلیں ۔

جماعت اسلامی عوام کے مسائل کے حل کر نے کی صلاحیت رکھتی ہے اور شہریوں کو مسائل سے نجات دلوا سکتی ہے ۔ افتتاحی تقریب سے جماعت اسلامی ضلع شر قی کے امیریونس بارائی ،یوسی 23جماعت اسلامی کے قائم مقام ناظم اور پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ دار شوکت نے بھی خطاب کیا اور سیوریج لائین کے کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔اس مو قع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،قائم مقام امیر زون گلشن اقبال خواجہ یوسف اور دیگر بھی مو جود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں کی حکومتیں آج کراچی کے عوام کے مسائل حل کر نے کی ذمہ دار ہیں مگر دونوں کو مسائل سے کوئی سرو کار نہیں ہے ۔مئیر کراچی اختیارات اور وسائل کے نہ ہو نے کا رونا روتے ہیں گزشتہ سال بلدیہ کا بجٹ 26ارب تھا اس سال 27ارب ہے۔ وہ عوام کو بتائیں کہ یہ 27ارب کہاں گئے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نعمت اللہ خان سٹی حکومت کے بجٹ کو 4ارب سے 42ارب تک لے گئے تھے ۔انہوں نے عوام کی خدمت کی ،دیانت داری سے بجٹ کا استعمال کیا اور کراچی میں بڑے منصوبے اور پروجیکٹ مکمل کیے تھے ۔لیکن آج یہ حال ہے کہ اختیارات اور وسائل صرف اس لیے مانگے جا رہے ہیں کہ کرپشن اور لوٹ مار کی جا سکے۔ عوام کی کوئی فکر نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں بجلی کے نرخوں میں 20سے 100فیصد تک اضافہ کیا جا رہا ہے مگر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سمیت کسی ایک جماعت نے بھی کراچی کے عوام کی جیبوں پر ڈالے جانے والے ڈاکے کے خلاف کوئی آواز نہیں اُٹھائی صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور ظلم کے خلاف آواز اُٹھائی اور اس کو بے نقاب کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کو چوروں اور لٹیروں اور عوام کا حق مارنے والوں کو مسترد کر نا ہو گا اور اہل اور دیانت دار قیادت کو لانا ہو گا ۔عوام کو ان کے حقوق اور مسائل سے نجات صرف اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام سے ہی ممکن ہے اور جماعت اسلامی اس نظام کے نفاذ کی جدو جہد کر رہی ہے ۔