ْ پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر صحت مندانہ سطح پر موجود ہیں ‘ ترجمان وزارت خزانہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 18:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) وزارت خزانہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر صحت مندانہ سطح پر موجود ہیں اور آئندہ مہینوں میں مثبت معاشی رجحانات کو تقویت ملنے کے ساتھ یہ ذخائر صحت مندانہ سطح پر برقرار رہیں گے۔ وزارت خزانہ کے ترجمان نے جمعہ کو پریس کے ایک حصہ میں ’’حکومت کی طرف سے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر کو گرنے سے بچانے کیلئے 450 ملین ڈالر قرضہ کا حصول‘‘ کے بارے میں شائع ہونے والی خبر کے جواب میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل فنانسنگ معمول کی ایک سرگرمی ہے اور رواں مالی سال کیلئے مجموعی فنانسنگ منصوبہ کا حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کمرشل فنانسنگ کی منصوبہ بندی وسائل میں خلاء کو پُر کرنے اور بیرونی حوالہ سے معاونت کیلئے 2017-18ء کے میزانیاتی حجم کے لحاظ سے کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ قطعی لحاظ سے ملک کے بیرونی قرضہ کی ذمہ داری میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، 2013ء میں جی ڈی پی کی شرح کے لحاظ سے بیرونی قرضہ 21.4 فیصد تھا جبکہ 2017ء میں یہ شرح کم ہو کر 20.6 فیصد رہ گئی ہے جو ملک کے بیرونی قرضہ میں 80 بنیادی پوائنٹس کی مجموعی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ درحقیقت کا ملک کا بیرونی قرضہ قابل برداشت سطح پر ہے اور بھارت، سری لنکا، مصر جیسی کئی قابل موازنہ اقتصادیات سے بہت کم ہے۔ اسی طرح رواں مالی سال کیلئے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی ذمہ داری 5.8 ارب ڈالر ہے جو گذشتہ برس 6.44 ارب ڈالر کی تھی اس سے بھی گذشتہ سال کے مقابلہ میں 10 فیصد کمی ظاہر ہوتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل صحت مندانہ سطح پر موجود ہیں، ذخائر میں یہ اضافہ برآمدات، ترسیلات زر، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، سرکاری اور دیگر نجی وسائل کی بناء پر رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حاصل ہونے والی نمایاں بہتری کی بناء پر ہے۔

گذشتہ سال کے قابل موازنہ عرصہ کے مقابلہ میں جولائی۔اگست 2017ء کے دوارن برآمدات میں 17.7 فیصد، ترسیلات زر میں 13.2 فیصد اضافہ ہوا۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 180 ملین ڈالر کے مقابلہ میں جولائی۔اگست 2017ء کے دوران 458 ملین ڈالر رہی جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 15.9 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آئندہ مہینوں میں ان مثبت رجحانات کو تقویت ملنے کے ساتھ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل صحت مند سطح پر برقرار رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :