جدید ترین بیگم نور میموریل ہسپتال بھبھڑ میں ضلع چکوال کے ساڑھے چار ہزار پولیس ملازمین کے تمام ٹیسٹ مفت ہونگے، ڈی سی او

جمعہ 20 اکتوبر 2017 18:35

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال محمد ہارون جوئیہ نے کہاہے کہ پنجاب پولیس کو عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، آئی جی پنجاب عارف نواز خان کی پہلی ترجیح پولیس ملازمین کی ویلفیئر ہے کیونکہ جب تک پولیس ملازمین کو تمام سہولتیں فراہم نہیں ہونگی وہ پولیس کو درپیش چیلنجز کا سامنا نہیں کرسکیں گے، لہٰذا پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور اب بن قطب فائونڈیشن کے زیر اہتمام جدید ترین بیگم نور میموریل ہسپتال بھبھڑ میں ضلع چکوال کے ساڑھے چار ہزار پولیس ملازمین کے تمام ٹیسٹ مفت ہونگے اور بے شک بن قطب فائونڈیشن نے پولیس ملازمین کی بہتری کیلئے جس تعاون کی پیشکش کی ہے وہ قابل ستائش ہے، وہ جمعہ کوضلعی پولیس چکوال اور بن قطب فائونڈیشن کے درمیان تعاون کی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں خطاب کررہے تھے جو یہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائن چکوال میں منعقد ہوئی، اس موقع پر بن قطب فائونڈیشن کے بانی چیئرمین بشیر ملک اور چیف ایگزیکٹو توقیر ملک بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرنیوالوں میں ڈی ایس پی ہیڈ کوآرٹر طاہر سکندر مرزا، ڈی ایس پی صدر سرکل کاظم رضا نقوی، ڈی ایس پی چوآسیدنشاہ عبدالحفیظ اولک، ڈی ایس پی صدر سرکل تلہ گنگ فضل عباس، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پولیس ملازمین کی بہتری کے اس منصوبے پر بن قطب فائونڈیشن کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، چیئرمین بشیر ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی چھت کے نیچے جدید ترین طبی سہولتوں کی فراہمی پسماندہ علاقے بھبھڑ میں ایک خواب تھا جو اب الحمد اللہ پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے، ضلع چکوال کے تیس فیصد غریب لوگ جن کے پاس علاج معالجے کی سہولت نہیں انکا تمام علاج اس ہسپتال سے مفت کیا جائے گا، چیف ایگزیکٹو توقیر ملک نے کہا کہ ہم نے ہسپتال کو غریب لوگوں کی ویلفیئر کیلئے چلانے کا عہد کیا ہوا ہے، اس موقع پر ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ اور چیف ایگزیکٹو توقیر ملک نے تعاون کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے جبکہ ڈی پی او ہارون جوئیہ کی طرف سے محمد بشیر ملک اور محمد توقیر ملک کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :