خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات ، 18رکنی ٹیم میں 11کا تعلق واپڈا سے ہے

واپڈا خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیاکررہا ہے،لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:58

خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات ، 18رکنی ٹیم میں 11کا ..
لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) خواتین کی قومی ہاکی ٹیم نے کپتان رضوانہ یاسمین کی قیادت میں جمعہ کو چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین سے ملاقات کی ۔ ٹیم مینجمنٹ اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سینئر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔خواتین کی 18رکنی قومی ہاکی ٹیم کا انتخاب ایشین چیلنج ہاکی کپ کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔

یہ چیلنج کپ 22سی29 اکتوبر تک برونائی دارالسلام میں منعقد ہوگا۔ 18رکنی قومی ٹیم میں کپتا ن اور نائب کپتان سمیت 11کھلاڑیوں کا تعلق واپڈا سے ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا کی خواتین ہاکی ٹیم 2004میں بنائی گئی تھی اور گزشتہ 13سال سے یہ ٹیم مسلسل قومی چیمپین ہے ۔کھلاڑیوں سے تبادلہ خیال کے دوران چیئرمین واپڈا نے قومی ٹیم کے لئے برونائی کے ایونٹ میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی اپنی محنت ، ٹیم سپرٹ اور روّیہ کی وجہ سے میدان اور میدان کے باہر پاکستان کی نیک نامی کا باعث بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی خصوصاً خواتین کھلاڑی دنیا میں پاکستان کا مثبت تصور نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیاکررہا ہے تاکہ قومی سطح پر کھیلوں میں صنفی امتیاز کو کم کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ واپڈا سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کے تحت اتھلیٹکس کے نصف وظائف ہونہار لڑکیوں کیلئے مختص ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے خواتین کی قومی ہاکی ٹیم کیلئے پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے واپڈا کی کھلاڑی رضوانہ یاسمین کو کیش ایوارڈ بھی دیا۔ رضوانہ یاسمین کو 2016میں تھائی لینڈ میں کھیلے گئے ایشین ویمن ہاکی کپ کی بہترین گول کیپر قرار دیا گیا تھا۔واپڈا میں خواتین کی 28مختلف کھیلوں کی ٹیمیں ہیں ۔ ان میں 16نیشنل چیمپین ، سات دوسرے اور دو تیسرے نمبر پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :