لاء افسران کی تعیناتیوں کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے دائر درخواست پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:57

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لاء افسران کی سیاسی وابستگیوں کی بجائے میرٹ پر تعیناتیوں کا طریقہ کار وضع کرنے اور لاء افسران کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے دائر درخواست پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار شعیب سلیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ان کے آفس میں لاء افسران کا عہدہ آئینی نوعیت کا ہے مگر تعیناتیوں کا طریقہ کار ہی موجود نہیں،انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی رکھنے کی بناء پر سرکاری وکیل خاور اکرام بھٹی کی جانب سے پولیس افسر کو تھپٹر مارنے کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا،ایڈووکیٹ جنرل آفس کے لاء افسران سیاسی وابستگی کی بناء پر سیاسی ریلیوں اور جلوسوں میں شریک ہوتے ہیں جو کہ آئین کے تحت ان کے عہدے کے منافی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لاء افسران کی سیاسی وابستگیوں کی بجائے میرٹ پر تعیناتیوں کا طریقہ کار وضع کرنے اور لاء افسران کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنے کے احکامات صادر کرے،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ کیا ریاستی مقدمات میں مرضی کا وکیل کرنا حکومت کا اختیار ہے یا نہیں،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جائزہ لینا ہو گا کہ ایڈووکیٹ جنرل کے لاء افسران کوسرکاری خزانے سے تنخواہیں ادا کی جاتی مگر طریقہ کار کیا اختیار کیا جاتا ہے، عدالت نے کہا کہ تعیناتیوں کے لئے آسامیوں کا اشتہار کیوں نہیں دیا جاتا تعیناتیوں کا کوئی تو طریقہ ہونا چاہئیے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت پندرہ یوم تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :