ادارہ بحالی معذوراں کے زیر اہتمام ورلڈاوسٹیو پروسس ڈے کے موقع پر سیمیناراور واک کا انعقاد

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:57

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ادارہ بحالی معذوراں کے زیر اہتمام عالمی اوسٹیو پروسس ڈے کے موقع پرایک سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا موضوع Love your Bones - Protect your future تھا۔اس سیمینار کامقصد اوسٹیو پروسس اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے بارے میںعوام الناس کو آگاہی فراہم کرنا اور اس بیماری سے متعلقہ احتیاطی تدابیردینا تھا۔

مختلف طبی اداروں سے منسلک افراد جن میں ہڈی و جوڑ کے سپیشلسٹ ڈاکٹر افضل حسین (سینئر سرجن ادارہ بحالیء معذوراں)، ڈاکٹر جاوید اقبال(سینئر سرجن)، ڈاکٹر حسیب( پرنسپل پی ایس آر ڈی کالج آف ری ہیبیلی ٹیشن)،پرویز مسعود(صدر ادارہ بحالی معذوراں)، نگہت سعید اللہ (نیشنل کوآرڈینیٹر ون این جوائنٹ ڈیکیڈ)اور ڈاکٹر نعمان زکریا نے اس موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی اور لوگوں کو آگاہ کیا کہ اوسٹیو پروسس ایک ایسا مرض ہے جس میں عمر کے ساتھ ساتھ ہڈیوںمیں ٹوٹ پھوٹ کا تناسب بننے کی رفتار سے بڑھ جاتا ہے اور اس طرح ہڈیاں کمزور اور بھربھری ہو جاتی ہیں اور لاعلمی میں یہ کمزوری بڑھتی چلی جاتی ہے حتیٰ کہ مریض چلنے پھرنے سے بھی معذور ہو جاتا ہے، ہڈیوں کی اس تبدیلی کے عمل کو روکا جا سکتا ہے، یہ دن اس لئے منایا جاتا ہے کہ ایک عام شخص کو ہڈیوں کی بیماری اور ان کی صحت کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

سیمینار کے آخر میں ڈاکٹرز، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور طلباء نے اس دن کی مناسبت سے ایک آگہی واک کا اہتمام بھی کیا جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔