ہڈیوں کا بھربھراپن انسانی جسم کی مدافعت کو کم کردیتا ہے،ڈاکٹرخلیل

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:35

ملتان۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ہڈیوں کا بھربھراپن انسانی جسم کی مدافعت کو کم سے کم تر کردیتا ہے اور بعض اوقات پیچیدہ بیماریاں دیر تک انسان کا پیچھا نہیں چھوڑتیں۔ اس کے لیے بنیادی اجزاء کو خوراک کا حصہ بنایا جائے تو جسم صحت مند و توانا رہتا ہے ۔ انسٹی ٹیو ٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن ، بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرتھوپیڈک سرجن نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد گل نے مزیدکہا کہ خاص طور پر کیلیشیم اور وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ سے ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں۔

ہمیں اپنی خوراک میں سبزیاں ، پھل اور دودھ سے بنی ہوئی مصنوعات کا استعمال کثرت سے کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس سے ہمارے جسم کے اندر طاقت آئے گی اور ہڈیاں مضبوط ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ متوازن خوراک ہی ہڈیوں کی بیماری کا بچائو ہے۔ وٹامن ڈی اور کیلیشیم ہماری خوراک کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہڈیوں کا باقاعدگی سے ٹیسٹ بھی کرایاجائے۔

انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن ،بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید اختر نے کہاکہ پاکستان میں کیلیشیم اور وٹامن ڈی کی کمی سے ہڈیوں اور جوڑوں کے متعدد امراض کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے کے حل کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہوئے غذا کا مناسب استعمال، دھوپ میں کچھ دیر رہنا اور اپنی طرز زندگی میں تبدیلیاں لاکر پھٹوں اور ہڈیوں کے امراض پر قابو پاسکتے ہیں۔ تقریب سے فارما سیکوٹیکل کمپنی کے نمائندوں اور ڈاکٹر عامر اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آگاہی واک بھی کی گئی۔