چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کامختلف علاقوں میں سڑکوں کی استرکاری کے حوالے سے دورہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ سڑکوں کی استرکاری کیلئے جہاں بھی ضرورت ہے کام سر انجام دینے کیلئے بلدیہ شرقی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے امور کی انجام دہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے راشد منہاس روڈ پر الہ دین پارک اور امتیاز سپر اسٹور کے نزدیک سڑکوں کی استرکاری کے سلسلے میں معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ عظمی کراچی کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے انہوں نے مزید کہا کہ ایسی جگہوں پر جہاں عوام کی آمدورفت زیادہ ہے اور لوگ سڑکوں کی خستہ حالی سے پریشان ہیں انکی آسانیوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سڑکوں کی استر کاری کے کام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں وسائل محدود سہی مگر لامحدود جذبوں کو سامنے رکھتے ہوئے بلدیہ عظمی کراچی اور بلدیہ شرقی عوام کی خدمت پر معمور ہیں، ضلع میں سڑکوں کی حالت زار کو درست کرنے کیلئے فنڈز کے منتظر ہیں مگر جو وسائل دستیاب ہیں اس میں رہتے ہوئے عوامی مسائل دور کر رہے ہیں۔