صدر مملکت سے سبکدوش ہونیوالے ملائیشین ہائی کمشنر ڈاکٹر حسرالثانی بن مجتبار،ویت نام کے سفیر نگوین ڑوین لو اوراردن میں نامزدہونیوالے سفیر میجر جنرل (ر) جنید رحمت کی ملاقات

پاکستان کے ملائشیا ، اردن اور ویت نام کیساتھ گہرے تعلقات ہیں، ممنون حسین ملائشیا نے مختلف شعبو ںمیں شاندار ترقی کی جو دیگر ممالک کیلئے مثال ہے،سبکدوش ہونیوالے سفیر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپناکردار ادا کریں، گفتگو صدر مملکت کی اردن کیلئے نامزد سفیر کو وہاں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر نے ہدایت

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:13

صدر مملکت سے سبکدوش ہونیوالے ملائیشین ہائی کمشنر ڈاکٹر حسرالثانی بن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ملائشیا ، اردن اور ویت نام کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں ،پاکستان ان تعلقات میں مزیداضافے کا خواہاں تاکہ اِن ممالک کیساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو وسعت دی جا سکے۔ صدر مملکت نے یہ بات ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر حسرالثانی بن مجتباراور ویت نام کے سبکدوش ہونیوالے سفیر نگوین ڑوین لو سے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملائشیا نے مختلف شعبو ںمیں شاندار ترقی کی ہے جو دیگر ممالک کے لیے مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ ہماری دوستی مشترکہ عقائد، ورثے اور تاریخ پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملائشیا کے نئے سفیر برائے پاکستان بھی سبکدوش ہونے والے سفیر حثرالثانی بن مجتبار کی طرح دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے ملائشیا کے سفیر بھی اپنے وطن میں پاک ملائشیا تعلقات میں وسعت کے لیے کوشش جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملائشیا پاکستان کی سستی اور معیاری مصنوعات سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس طرح دونوں ملکوں کے تعلیمی اداروں کے درمیان بھی قریبی تعلقات ہونے چاہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیر نگوین ڑوین لو نے پاکستا ن میں بہترین خدمات سر انجام دی ہیں۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیرپاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ویتنام اپنے افسران کی تربیت کے لیے پاکستان کے تربیتی اداروں سے مستفید ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت سے پاکستان کے اردن میں نامزدہونے والے سفیر میجر جنرل (ر) جنید رحمت نے بھی ملاقات کی۔ انھوں نے کہا کہ پاک اردن تعلقات میں مزید وسعت کے لیے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ میجر جنرل (ر) جنید رحمت نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو اردن میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر نے بھی ہدایت کی۔