حکومت ذیابیطس کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوششیں کر رہی ہے، عرفان صدیقی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:48

حکومت ذیابیطس کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوششیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ذیابیطس کے مرض کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوششیں کر رہی ہے، اس مرض کے پھیلائو کی رفتار کو دیکھتے ہوئے ضروری ہے کہ نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کارخیر کے جذبہ سے ان کوششوں میں ہاتھ بٹائیں تاکہ قومی صحت کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکے۔

وہ جمعہ کو فلاحی ادارہ مرکز ذیابیطس پاکستان کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ عرفان صدیقی نے ڈاکٹر اسجد حمید اور ان کے رفقاء کے درمندانہ جذبہ کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس مرکز کیلئے مختلف کام کرنے والے افراد بیرون ملک سے خدمت کا جذبہ لے کر پاکستان میں کام کر رہے ہیں، یہ پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ ہے جسے سراہا جانا چاہئے، ذیابیطس ملک میں تیزی سے پھیلتا ہوا مرض ہے، یہ امر خوش آئند ہے کہ ذیابیطس کے مریضوں کیلئے یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ادارہ ہے جو جلد ہی باضابطہ ہسپتال کی شکل اختیار کر لے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت بنیادی طورپر حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ایک اہم فریضہ ہے تاہم ملکی و عوامی مسائل کو دیکھتے ہوئے یہ کام محض حکومت کی ذمہ داری پر نہیں چھوڑ دینا چاہئے، نجی شعبہ کے ماہرین اوردرد دل رکھنے والے مخیر حضرات کو قومی جذبے سے ان مسائل کے حل میں اپنا فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم نے عارضی سٹرکچر میں قائم مرکز ذیابیطس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔

انہوں نے مریضوں سے ان کی خیریت اور علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈاکٹر اسجد حمید نے کہا کہ وہ ابوظہبی سے ہر ماہ ایک ہفتے کیلئے آتے ہیں اور اس مرکز میں اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی کی بدولت عوامی بھلائی کے اس بڑے منصوبے میں ہمیں ایک نیا حوصلہ ملا ہے، یہ ایک تحریک ہے جس کا دائرہ ہم پورے ملک تک پھیلائیں گے۔

دسمبر میں وفاقی دارالحکومت کے اولین ذیابیطس ہسپتال کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال میں 1700 آپریشن کے ذریعے ہم نے ذیابیطس کے مریضوں کی ٹانگ ضائع ہونے سے بچائی۔ اس ادارہ میں تمام طبی سہولیات اور جدید مشینری بروئے کارلائی جارہی ہے۔ ممتاز سماجی شخصیت مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر جمال ناصر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :